Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کو عالمی وبا قرار دے دیا گیا

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ’کورونا کا پھیلاؤ خطرناک ہے‘ (فوٹو: اے ایف پی)
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس گیبریاسیس نے کہا ہے کہ ’کووڈ 19 ‘کورونا کو وبا میں شمار کیا جا سکتا ہے۔
عالمی ادارے کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے کورونا کی وجہ سے اتنے بڑے پیمانے پر وبا نہیں دیکھی۔
ڈاکٹر ٹیڈروس گیبریایسس کا کہنا تھا کہ ’کورونا کا پھیلاؤ اور شدت خطرناک ہے۔ ہمیں وبا کے پھیلاؤ، اس کی شدت اور اس حوالے سے بے عملی پر تشویش ہے۔‘ مزید پڑھیں
ایران کے حوالے سے ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’ایران آلات کی کمی کے باجود کورونا پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔‘
ان کے مطابق کورونا سے نمٹنے کے لیے ایران کو مدد کی ضرورت ہے۔ ’ ایران اپنی بہترین کوشش کر رہا ہے اور ہم بھی ایران کے لیے مزید امداد یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کے مطابق ’ایران کو وائرس سے نمٹنے کے لیے مزید آلات اور ادویات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔‘
دوسری جانب جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے خبردار کیا ہے کہ ’کورونا سے جرمنی کی 60 سے 70 فیصد آبادی متاثر ہو سکتی ہے۔‘
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق مرکل نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ’کورونا وائرس کا کوئی علاج موجود نہیں اور ایسی صورت میں جب وائرس موجود ہو اور عوام کے پاس اس کا علاج نہ ہو تو 60 سے 70 فیصد آبادی متاثر ہو جائے گی۔‘

ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ ’ایران کورونا پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے‘

انڈیا نے سیاحتی ویزے معطل کر دیے

انڈیا نے کورونا وائرس کی وجہ سے تمام سیاحتی ویزے 15 اپریل تک معطل کردیے ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤں کو روکنے کے لیے وائرس سے متاثرہ سات ممالک سے آنے والوں کو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔
سیاحتی ویزوں کی معطلی کا آغاز 13 مارچ سے نافذ العمل ہوگا۔ بیان کے مطابق سفارتکاروں ، بین الاقوامی تنظیموں، ملازمت اور منصوبوں کے لیے ویزے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
انڈیا کے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے اعلامیے کے مطابق چین، اٹلی، ایران، کوریا، فرانس، سپین یا جرمنی سے آنے والے یا ان ممالک سے ہوکر آنے والوں کو انڈیا آمد پر 15 دن کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔‘

کورونا سے 113 ممالک متاثر

خیال رہے کورونا وائرس سے اب تک دنیا کے 113 ممالک میں متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ  18 ہزار 554 ہوگئی ہے۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دسمبر 2019 میں کورونا کی تشخیص کے بعد سے آج بدھ  تک دنیا بھر میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار 281 ہوگئی ہے۔
بدھ کے روز دنیا بھر میں اس وائرس کے 12 سو 14 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
چین، جہاں سے یہ وائرس پوری دنیا میں پھیلا، میں متاثرین کی تعداد 80 ہزار 778 ہو گئی ہے جب کہ تین ہزار 158 افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس اب تک  دنیا کے 110 ممالک تک پھیل چکا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

بدھ کو چین میں 24 نئے کیسز سامنے آئے جب کہ 22  ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
چین سے باہر کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 37 ہزار 776 ہوگئی ہے جب کہ وائرس سے اموات کی تعداد ایک ہزار 123 ہو گئی ہے۔ چین سے باہر کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں اٹلی 10 ہزار 149 کیسز اور 631 اموات کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ ایران 9 ہزار کیسز اور 291 اموات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ 

شیئر: