Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'ایران امریکی افواج پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے'

صدر نے اپنے ٹوئٹر بیان میں بھی ایران کو بھاری قیمت ادا کرنے کی دھمکی دی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران اور اس کے حامی عراق میں امریکی افواج اور ان کے اثاثوں پر خفیہ حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے عراق میں دوبارہ امریکی افواج پر حملہ کیا تو اسے بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا بریفنگ کے وقت امریکی صدر نے کہا کہ ’ہم دشمنی نہیں چاہتے لیکن اگر وہ (ایران) ہم سے دشمنی رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں اس پر پچھتاوا ہوگا، ایسا پچھتاوا جو انہیں پہلے کبھی نہیں ہوا ہوگا۔‘
انہوں نے ایران کو یہ بیان اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے بھی دیا ہے۔  
انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ اگر امریکی افواج پر حملہ ہوتا ہے تو ایران کو بھاری قیمت چکانا ہوگی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید لکھا کہ ان کو دی گئی معلومات کے مطابق ایران اور اس کے حامی عراق میں امریکی افواج اور ان کے اثاثوں پر خفیہ حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ بات واضح نہیں کہ آیا صدر کا مطلب یہ تھا کہ واشنگٹن کو اس طرح کے کسی منصوبے کا علم ہے یا نہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات امریکی صدر کی جانب سے 2018 میں اہم جوہری معاہدے سے دستبرداری کے اعلان کے بعد خراب ہوئے تھے تاہم یہ تعلقات اس وقت مزید بگڑے جب ایک امریکی ڈرون حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو نشانہ بنایا گیا اور وہ ہلاک ہوگئے۔

کورونا وائرس کے وبا کی وجہ سے ایران میں تقریباً تین ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

اس وقت عراق میں ساڑھے سات ہزار غیر ملکی افواج تعینات ہیں لیکن اس مہینے ان کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔ اتحادی افواج احتیاطی تدبیر کے طور پر کورونا وبا کی وجہ سے اپنے کچھ ٹرینرز کو واپس بلا رہی ہیں۔
گذشتہ اکتوبر میں فوجی اڈے، غیر ملکی سفارت خانے اور بالخصوص امریکی مشن کو راکٹ حملوں سے نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس وقت سے ایران کو امریکی پابندیوں کا سامنا ہے۔
کورونا وائرس کے وبا کی وجہ سے ایران میں تقریباً تین ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ایران نے امریکہ سے پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

کورونا وائرس وبا کے سامنے کے آنے کے بعد ایران نے امریکہ سے پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

کورونا وائرس کی وبا سامنے آنے کے بعد ایران نے بار بار امریکہ سے مطالبہ کیا کہ ایران کے خلاف لگائی گئی پابندیایوں کو ختم کرے کیونکہ ایران کو وبا سے نمٹنے کے لیے ادویہ اور طبی آلات تک رسائی میں رکاوٹیں ہیں۔
صدر حسن روحانی کے مطابق کورونا وائرس کی وبا امریکہ کے لیے ایران کے خلاف عائد کردہ پابندیوں پر معافی مانگنے کا تاریخی موقع تھی۔

شیئر: