پاکستان میں 76 نئے کورونا کیسز، ہلاکتوں کی تعداد 32
پاکستان میں 76 نئے کورونا کیسز، ہلاکتوں کی تعداد 32
جمعرات 2 اپریل 2020 14:43
سندھ میں کورونا کے 743 کیسز ہیں جبکہ 51 افراد صحت یاب ہوئے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد 2 ہزار 386 ہو گئی ہےجبکہ ملک میں اب تک 32 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
جمعرات کو جاری سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے اب تک 2 ہزار 386 مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس وبا سے ملک بھر میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد107 ہے۔
پاکستان میں کورونا کے نو مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
آبادی کے لحاظ سے ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں وائرس کے متاثرین کی تعداد دیگر صوبوں کے مقابلے میں زیادہ ہے جہاں 922 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور نو ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے مطانق اب تک کورونا وائرس سے صوبے میں نو اموات ہوئی ہیں جب کہ چھ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ترجمان کے مطابق لاہور میں پانچ، راولپنڈی میں چار، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں ایک ایک مریض ہلاک ہوا ہے۔
سندھ میں کورونا کے 761 کیسز ہیں جب کہ 51 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ صوبے میں اب تک 11 اموات کی سرکاری طور پر تصدیق کی گئی ہے۔
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق جمعرات کو مرنے والے گیارہویں شخص کی عمر 86 برس تھی اور وہ کراچی کا رہائشی تھا۔ مرنے ولے شخص میں یکم اپریل کو کورونا کی تصدیق ہوئی اور یہ مقامی طور پر وائرس منتقل ہونے کا کیس تھا۔
وزیر صحت سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے میں مزید نو افراد صحت یاب ہوئے ہیں جن میں سے دو تفتان سے آنے والے زائرین ہیں جو سکھر کے قرنطینہ میں موجود تھے جبکہ سات افراد کراچی کے رہائشی ہیں۔
خیبر پختونخوا میں وائرس کے کل متاثرین کی تعداد 276 ہیں جب کہ صوبے میں اب تک چھ ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔
بلوچستان میں کل 169 افراد میں وائرس کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ 17 افراد کو صحت یاب ہونے کے بعد ڈسچارج کیا گیا ہے۔ صوبے میں کورونا سے اب تک ایک ہلاکت کی سرکاری طور پر تصدیق ہوئی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 62 مریض ہیں جب کہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کل نو کیسز سامنے آئے ہیں۔
گلگت بلتستان میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 187 ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کو وفاقی حکومت نے بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن کو 14 اپریل تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدات قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پی آئی اے کی17 پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ پاکستان میں پھنسے مسافروں کو بیرون ملک بھجوایا جا سکے اور وہاں سے پاکستانیوں کو واپس لایا جا سکے۔