Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کینسر مجھ سے میری مسکراہٹ نہیں چھین سکا‘

نادیہ جمیل اداکاری کے علاوہ سماجی خدمت کے شعبے میں بھی فعال رہی ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل نے اپنے کینسر میں مبتلا ہونے کی خبر شیئر کرتے ہوئے خواتین کو تلقین کی ہے کہ وہ اپنی جسمانی صحت کو نظر انداز نہ کریں اور کوئی بھی تبدیلی محسوس کریں تو نظرانداز کرنے کے بجائے فورا اس پر توجہ دیں۔
نادیہ جمیل ادکاری کے علاوہ سماجی خدمت کے شعبے سے بھی منسلک رہی ہیں، خصوصا بچوں کے حوالے سے وہ خاصی فعال رہی ہیں۔
مائکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جمعہ کے روز جاری کیے گئے متعدد پیغامات میں سے ایک میں 40 سالہ اداکارہ نے اپنی بیماری کی نوعیت اور اس کی تشخیص سے متعلق اطلاع دی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ گزشتہ ہفتے مجھے اپنے کینسر میں مبتلا ہونے کا علم ہوا ہے اور اب آئندہ چند روز میں میرا علاج شروع ہونے جا رہا ہے۔

بیماری کی تشخیص کے بعد کی کیفیات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’خوف، پرسکون رہنے کی خواہش، بیماری قبول کرنے، صبر، جذبہ شکر سمیت اپنے بچوں، والدین، عزیزوں، اپنے اور آپ لوگوں کے متعلق احساس ذمہ داری کے احساسات سے گزری ہوں۔
اپنے ایک الگ پیغام میں انہوں نے بیماری کی نوعیت بتاتے ہوئے لکھا کہ انہیں سٹیج ون بریسٹ کینسر تشخیص کیا گیا ہے جب کہ رسولی گریڈ تھری کی بتائی گئی ہے۔
نادیہ جمیل نے لکھا ’خواتین، باقاعدگی سے معائنہ لازم ہے۔ ازراہ کرم کوئی بھی غیرمعمولی پن محسوس کریں تو فورا اسے توجہ دیں۔ اپنے جسم اور صحت کو کبھی بھی نظرانداز نہ کریں۔ میں اب اپنی سرجری کی تاریخ کی منتظر ہوں۔ فکر نہ کریں اور اپنا اچھا خیال رکھیں۔

نادیہ جمیل اس سے قبل مرگی کا شکار بھی رہ چکی ہیں۔ وہ دوران نیند سانس رک جانے کے مرض سینٹرل سلیپ اپنیا کا شکار رہیں اور اس سے صحت یاب بھی ہو چکی ہیں۔
اداکارہ کی بیماری کا معاملہ سامنے آیا تو مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سوشل میڈیا صارفین نے ان کے لیے نیک خواہشات پر مبنی پیغامات دیے۔
ٹیلی ویژن میزبان علینہ فاروق شیخ نے لکھا آپ بہادر ہیں، مقابلہ کریں۔ سکون اور صحت پائیں۔

وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے صحتیابی کی دعاؤں پر مبنی پیغام میں لکھا آپ جو کر رہی ہیں خصوصا یتیم بچوں کے لیے، ان کے بیشمار دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے اپنے پیغام میں لکھا کہ اللہ آپ کو جلد شفا عطا کریں۔

صحت کی بحالی کی دعاؤں اور نیک خواہشات کے جواب میں کی گئی اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ‘ہو سکتا ہے میں آپ سب کو جوابات نہ دے سکوں۔ بعض اوقات میں تھک جاتی ہوں تو احساس ہوتا ہے کہ مجھے اپنی قوت کو اس بیماری کے مقابلہ کے لیے بچا کر رکھنا چاہیے۔

بیماری میں مبتلا ہونے کی اطلاع کے بعد خود پر گزرنے والی کیفیت کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی اداکارہ نے ایک الگ ٹویٹ میں لکھا کہ ’کینسر مجھ سے میری مسکراہٹ نہیں چھین سکا ہے‘۔

نادیہ جمیل کے والد بھی کینسر کے مریض رہنے کے بعد صحتیاب ہوئے ہیں۔ چند روز قبل انہوں نے اپنے والد کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے سب کو تلقین کی تھی کہ وہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران اپنے بزرگوں کا خیال رکھیں۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: