Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں 35 ہلاکتیں، عالمی بینک کی 20 کروڑ ڈالر امداد

اٹلی میں کورونا سے سب سے زیادہ 13 ہزار 915 ہلاکتیں ہوئی ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 10 لاکھ 26 ہزار سے بڑھ گئی ہے جبکہ اس وبا کی وجہ سے اب تک 53 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 458 ہو چکی ہے۔
جمعے کے روز وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں وبا سے اب تک 35 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ 126 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے 76 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

 

اس وقت کورونا کے سب سے زیادہ مریض پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں ہیں جن کی تعداد 928 ہے۔ دوسرے نمبر پر سندھ ہے جہاں اس وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 783 ہو چکی ہے۔
گلگت بلتستان میں کورونا سے متاثرہ افراد 190 ہیں جبکہ بلوچستان میں 169 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے 311 کیسز سامنے آئے ہیں، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 68 جبکہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں 9 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
دوسری جانب عالمی بینک نے پاکستان کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 20 کروڑ ڈالر ہنگامی امداد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے جمعے کو پاکستان کے وفاقی سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن اور عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس امداد کا مقصد کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے صحت کے نظام کو مضبوط بنانا اور اس کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔

عالمی بینک کی امداد پاکستان میں صحت کے شعبے پر خرچ ہو گی (ٖفوٹو: اے ایف پی)

اس رقم سے ایسے لوگوں تک خوارک بھی پہنچائی جائے گی جن کی موجودہ حالات کی وجہ سے نقل و حرکت محدود ہے۔
اس رقم کی  وجہ سے پاکستان کے لیے کورونا مریضوں کا پتا چلانے اور بیماری کو مانیٹر کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا جب کہ ہسپتالوں کو طبی آلات اور عملے کے لیے حفاظتی سامان کی فراہمی میں بھی مدد ملے گی۔عالمی بینک نے ضروری طبی آلات کیلئے پاکستان کو آٹھ منصوبوں کے لیےمزید  3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر  فراہم کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔
امریکہ میں جمعرات کو کورونا کی وجہ سے 1169 اموات ہوئی ہیں جو کہ کسی بھی ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

پاکستان میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض صوبہ پنجاب میں ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

امریکہ میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد اڑھائی لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔
امریکی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں چھ ہزار سے زائد افراد کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں اور صرف نیویارک ریاست میں اس وبا سے 1562 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں اب تک کورونا سے کل 10 لاکھ 6 ہزار 974 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ کل اموات کی تعداد 53 ہزار 975 ہے۔
اٹلی میں کورونا سے سب سے زیادہ 13 ہزار 915 جبکہ سپین میں 10 ہزار 935 اموات ہوچکی ہیں۔ ایران میں اس عالمی وبا سے ہلاکتوں کی تعداد تین ہزار 160 ہوگئی ہے۔
جرمنی میں ہلاکتیں 1000 سے زیادہ ہوگئی ہیں اور ملک میں متاثرین کی تعداد چین سے بڑھ گئی ہے۔

امریکہ میں جمعرات کو کورونا کی وجہ سے 1169 اموات ہوئی ہیں (فوٹو:روئٹرز)

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سپین میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 932  افراد کورونا کی وجہ سے ہلاک ہوگئے ہیں تاہم ملک میں نئے کیسز اور اموات کی تعداد میں گذشتہ دنوں کے مقابلے میں کمی واقع ہوئی ہے۔

سنگاپور میں لاک ڈاؤن

کئی دیگر ممالک کی طرح سنگاپور نے بھی آئندہ بدھ سے ملک میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔
سنگاپور کے وزیراعظم  لی سین لونگ نے جمعے کو قوم کے ساتھ خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 8 اپریل کے مہینے میں سکولز بند کیے جا رہے ہیں جبکہ کاروبار اور دفاتر 7 اپریل سے بند کر دیے جائیں گے۔
ان کے مطابق ملک میں روزمرہ ضرورت کی اشیا کی خریداری کے لیے دکانیں، بازار بینکیں، سپر مارکیٹس اور ہسپتال وغیرہ کھلیں رہیں گے۔

دنیا میں اب تک کورونا سے کل 10 لاکھ 6 ہزار 974 افراد متاثر ہوئے ہیں (فوٹو:اے ایف پی)

سنگاپور میں کورونا کی مقامی طور پر منتقلی کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے اور ملک میں مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔

چین میں قومی سوگ

چین میں سنیچر کو کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانیں دینے والے افراد کی یاد میں ایک قومی سوگ کی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ چین میں کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے محکمہ صحت کے 14 کارکنان بھی ہلاک ہوگئے تھے۔
چین کی سٹیٹ کونسل نے کہا ہے کہ صبح 10 بجے سے شروع ہونے والی اس تقریب میں ملک بھر میں تمام افراد تین منٹ کے لیے خاموشی اختیار کریں گے۔ اس کے علاوہ ہوائی حملے کا سائرن بجایا جائے گا اور لوگ اپنی کاروں، ٹرینیوں اور دیگر قسم کی گاڑیوں کے ہارن بجائیں گے۔

شیئر: