نائن الیون کے حملوں میں نیویارک میں 27 سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی
دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک امریکہ کی ریاست نیویارک میں ہلاکتوں کی تعداد نائن الیون کے حملوں میں ہونے والی اموات سے دوگنا سے زیادہ ہوچکی ہے۔
واضح رہے کہ نائن الیون کے حملوں میں نیویارک میں 27 سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے اور کورونا وائرس سے نیویارک میں ہلاکتوں کی تعداد 62 سو سے بھی زیادہ ہے۔
نیویارک کے گورنر نے اینڈیو کومو کہا ہے کہ نیویارک کے شہری شدید رنج و غم میں ہیں اور ہلاک ہونے والوں کے سوگ میں پرچم سرنگوں رہے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکہ میں کُل ہلاکتوں کی تعداد 14 ہزار 695 ہو گئی ہے جو سپین سے بھی بڑھ گئی جو 14 ہزار 555 ہے۔
امریکہ میں متاثرین کی تعداد ساڑھے چار لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔
امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کو دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 15 لاکھ 13 ہزار سے زائد ہے اور 88 ہزار سے زیادہ لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔
کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ریکارڈ کی گئیں جہاں اموات کی کل تعداد 17 ہزار 669 ہے، جبکہ ایک لاکھ 39 ہزار مریض ہیں۔
سپین وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہے جہاں اس وبا نے 14 ہزار 555 افراد کی جان لی۔
فرانس میں اس وبا سے اب تک 10 ہزار 869 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار سے زائد ہے۔
برطانیہ میں ہلاکتیں سات ہزار سے بڑھ چکی ہیں اور 61 ہزار 474 مریض ہیں۔ برطانوی حکام کا کہنا تھا کہ لندن میں وزیر اعظم بورس جونسن کی حالت خطرے سے باہر ہوتی جارہی ہے اور وہ ہسپتال میں آکسیجن حاصل کر رہے ہیں اور وینٹی لیٹر پر نہیں ہیں۔
چین کے شہر ووہان میں 76 روز بعد لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا ہے۔
دوسری طرف امریکی صدر نے کہا ہے کہ وہ ڈبلیو ایچ او کو دی جانے والی امداد ختم کرنے پر غور کریں گے جبکہ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے امریکی صدر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم ہر قوم سے قریب ہیں، ہم کلر پلائنڈ ہیں۔‘