Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ میں گانے کے پیسے نہیں ملتے، نیہا ککڑ

نیہا ککڑ کا شمار بالی وڈ کی نامور پلے بیک سنگرز میں ہوتا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
کالا چشمہ، او ساقی، دلبر، لڑکی آنکھ مارے اور لندن ٹھمکدا، یہ بالی وڈ کے وہ مشہور گانے ہیں جنہیں سنتے ہی کوئی بھی ان کی دھن پر بے اختیار جھومنے لگتا ہے۔
بالی وڈ کے ان سب ہی سپر ہٹ گانوں کی گلوکارہ کوئی اور نہیں بلکہ نیہا ککڑ ہیں جو مختصر عرصے میں گائیکی میں اپنا نام بنا چکی ہیں۔
فلم ہٹ ہو نہ ہو لیکن نیہا کی آواز میں گایا گیا گانا ضرور ہٹ ہوجاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا شمار بالی وڈ کے نامور پلے بیک سنگرز میں ہوتا ہے۔
بالی وڈ میں ان کی اس کامیابی کو دیکھ کر تو ایسا لگتا ہے کہ وہ اپنی مقبولیت کی وجہ سے کسی بھی گانے کو اپنی آواز دینے کے لیے اچھا خاصا معاوضہ لیتی ہوں گی مگر حیقیت اس کے برعکس ہے۔
نیہا ککڑ نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ انہیں بالی وڈ میں گلوکاری کے لیے معاوضہ نہیں دیا جاتا۔
انڈیا کی نیوز ایجنسی آئی اے این ایس کو انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ 'ہمیں بالی وڈ میں گانے کا معاوضہ نہیں دیا جاتا۔ مجھے ایسا لگتا ہے کہ اگر وہ کوئی سپر ہٹ سانگ گانے کے لیے دیتے ہیں تو انہیں یہ لگتا ہے کہ ایک گلوکار یا گلوکارہ شوز یا کنسرٹس کے ذریعے کما سکتا ہے اس لیے وہ ہمیں پیسے نہیں دیتے۔'

نیہا ککڑ نے بتایا کہ 'مجھے لائیو کنسرٹس سے ایک اچھی رقم مل جاتی ہے' (فوٹو:سوشل میڈیا)

31 سالہ گلوکارہ نے مزید بتایا کہ 'مجھے لائیو کنسرٹس سے ایک اچھی رقم مل جاتی ہے لیکن بالی وڈ میں ایسا کوئی سین نہیں ہے۔ ہمیں گانے کے لیے پیسے نہیں دیے جاتے۔'
نیہا ککڑ سے قبل بالی وڈ کی مشہور گلوکارہ سونا موہاپاترا نے بھی بتایا تھا کہ وہ بالی وڈ میں فلموں کے گانے کے بجائے لائیو کنسرٹس اور شوز سے زیادہ بہتر کما لیتی ہیں۔ 
سونا موہاپاترا نے انڈیا کی میوزک انڈسٹری سے مزید جڑے نہ رہنے کا اعلان کیا تھا اور یہ بتایا تھا کہ وہ بالی وڈ کی فلموں میں پلے بیک سنگر کے بجائے کنسرٹس اور شوز میں گانے کو ترجیح دیتی ہیں۔

شیئر: