باحہ سپر مارکیٹ میں غذائی اشیا پر تھوکنے والا گرفتار
سی سی ٹی وی کے ذریعے تھوکنے والے کی نشاندہی کی گئی(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں سیکیورٹی افسران نے باحہ کی سپر مارکیٹ میں کھانے پینے کی اشیا پر تھوکنے والے شخص کو گرفتار کیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مقامی شہری نے محکمہ صحت کے حکام اور سیکیورٹی فورس کو اطلاع دی تھی کہ اس نے باحہ کی ایک سپر مارکیٹ میں ایک شخص کو کھانے پینے کی اشیا پر تھوکتے ہوئے دیکھا ہے۔
اطلاع دینے والے شہری نے یہ بھی بتایا ہے کہ جیسے ہی تھوکنے والے شخص کو احساس ہوا کہ اسے دیکھ لیا گیا ہے وہ مارکیٹ سے فرار ہوگیا۔
سپر مارکیٹ کے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کھانے پینے کی اشیا پر تھوکنے والے شخص کی نشاندہی کی گئی۔ مذکورہ شخص مارکیٹ سے نکل کر پارکنگ میں کھڑی اپنی گاڑی میں سوار ہو کر فرار ہوا تھا-
گاڑی کی نمبر پلیٹ سے شناخت کیے جانے کے بعد ٹریفک اہلکاروں کو مذکورہ شخص کو گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا تھا-
پولیس نے احتیاطی تدبیر کے طور پر سپر مارکیٹ سربمہر کر دی اور تمام کارکنان کو حفاظتی تحویل میں لے کر کورونا ٹیسٹ کے لیے ہسپتال بھجوا دیا گیا۔
پولیس اہلکار کھانے پینے کی اشیا پر تھوکنے والے شخص سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں کہ اس نے ایسا کیوں کیا؟ حکام کے مطابق حقائق جلد عام لوگوں کے سامنے لائے جائیں گے-