Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ کی بندرگاہ پر معاملات حسب معمول جاری ہیں

کورونا وائرس سے بچاو کےلیے بندرگاہ پر احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
جدہ کی اسلامی بندرگاہ پر تجارتی سامان کی آمد ورفت حسب معمول جاری ہے۔ بندر گاہ پر تمام معاملات بخوبی انجام دیے جارہے ہیں تاکہ اشیائے خورونوش میں کسی قسم کی کمی واقع نہ ہو۔
بندرگاہ پر مختلف نوعیت کی ذمہ داریاں ادا کرنے والے اہلکار 24 گھنٹے شفٹوں کے نظام کے تحت اپنی ڈیوٹیاں ادا کررہے ہیں جن میں کسٹم کلیرنس کے اہلکار، انسپکٹرز اور دیگر کارکن شامل ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق بیرون ملک  سے آنے والی غذائی اور طبی اشیا کی آمد کا سلسلہ حسب معمول جاری ہے جس میں کسی قسم کی کمی کا سامنا نہیں۔ سی پورٹ سے سامان کلیئر کرنے کے بعد فوری طور پر گوداموں میں منتقل کیا جاتا ہے۔

طبی اصولوں کے تحت جہاز کے عملے کا میڈیکل سرٹیفیکٹ پیش کرنا ہوگا۔ (فوٹو: ایس پی اے)

 پورٹس اتھارٹی نے جدہ اور دیگر بندرگاہوں پر متعین عملے کو وزارت صحت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاو کےلیے جاری کی گئی احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کارکنوں کو کہا ہے کہ وہ مقررہ قواعد پر سختی سے عمل کریں۔
کورونا وائرس سے بچاو کےلیے وزارت صحت کی جانب سے بھی تربیت یافتہ عملے کو متعین کیا ہے جو تمام شپمنٹس کا باریک بینی سے معائنہ کرنے کے بعد انہیں کلیرنس سرٹیفیکٹ جاری کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں
پورٹس اتھارٹی نے مملکت میں کام کرنے والی تمام شپنگ کمپنیزکو بھی کورونا وائرس سے بچاو کے لیے ہدایات جاری کی ہیں جن میں جہازراں کمپنیز کو اس امر کا پابند کیا گیا ہے کہ وہ پورٹ اتھارٹی کو بندرہ گاہ پر پہنچنے سے قبل مطلع کریں اور انہیں ان تمام ملکوں کے بارے میں بتایا جائے جہاں سے وہ ہوتے ہوئے یا براہ راست آرہے ہیں۔
پورٹ اتھارٹی کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ جہازراں کمپنی پر لازم ہے کہ وہ سعودی عرب کی بندرگاہ پر پہنچنے سے قبل اپنے عملے کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات مہیا کرے جس میں تمام عملے کا میڈیکل سرٹیفیکٹ فراہم کرنا بھی شامل ہے۔

 سی پورٹ پرآمد سے قبل جہازراں کمپنی کواپنے روٹ سے آگاہ کرنا ہو گا۔ (فوٹو: ایس پی اے)

علاوہ ازیں جہازراں کمپنی اس امر کی بھی پابند ہے کہ وہ مملکت کے محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ’جوازات‘ کو واضح طور پر اپنے سفر کے روٹ کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کرے اگر جہاز یا اسکا عملہ ایسے ملک سے آرہا ہو جہاں ’کورونا وائرس‘ نے وبائی صورتحال اخیتار کی ہوئی ہے تو اس حوالے سے انہیں وزارت صحت کے مقررہ کردہ ضوابط کی پابندی کرنا ہوگی۔
واضح رہے جدہ اسلامک پورٹ مملکت کی سب سے بڑی بندرگاہ ہے جہاں 70 فیصد تجارتی سامان کی آمدورفت ہوتی ہے۔ بندرگاہ پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جاتی ہیں تاکہ آنے والے تجارتی سامان کو ’کورونا وائرس‘ سے محفوظ بنایا جاسکے۔

شیئر: