پاکستان کے چیف جسٹس گلزار احمد کا کورونا ٹیسٹ منفی
منگل 14 اپریل 2020 14:45
اے وحید مراد -اردو نیوز، اسلام آباد
چیف جسٹس گلزار احمد کے سیکرٹری کا کورونا ٹیسٹ بھی نیگیٹیو آیا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد اور ان کے اہل خانہ کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج آگئے ہیں اور عدالت عظمیٰ سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ان میں وائرس نہیں پایا گیا۔
سپریم کورٹ سے منگل کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس گلزار احمد کے سیکرٹری کا کورونا ٹیسٹ بھی نیگیٹیو ہے۔
بیان کے مطابق میڈیا میں سپریم کورٹ میں ایک ملازم میں کورونا کے وائرس سے متعلق خبریں سامنے آئی تھیں اس حوالے سے واضح کیا جاتا ہے کہ نائب قاصد مسٹر احسان میں کورونا کی بعض علامات ظاہر ہوئیں جس کے بعد ان کو مشتبہ کیس کے طور پر قرنطینہ کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ نائب قاصد کا ٹیسٹ کیا گیا تھا مگر اس کے نتائج مشکوک تھے جس کے بعد ان کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جو مثبت آیا۔
سپریم کورٹ نے میڈیا کو جاری بیان میں مزید کہا ہے کہ نائب قاصد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کو اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال میں قرنطینہ میں رکھا گیا۔
اسی تناظر میں چیف جسٹس، ان کے اہل خانہ اور چیف جسٹس کے سیکریٹری کے بھی کورونا ٹیسٹ کے لیے نمونے لیے گئے۔
عدالتی بیان کے مطابق چیف جسٹس، ان کے اہلخانہ اور سیکریٹری کے نمونوں کے نتائج موصول ہو گئے ہیں جو منفی ہیں۔
قبل ازیں اسلام آباد انتظامیہ کے ایک اہلکار نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ سپریم کورٹ میں کام کرنے والے ایک نائب قاصد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سپریم کورٹ سے 37 افراد کے کورونا ٹیسٹ کے لیے نمونے لیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ معزز جج صاحبان سیمت سپریم کورٹ کے عملے کے افراد کے بھی نمونے لیے گئے جن کے نتائج آج شام تک متوقع ہیں۔