Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'غلطی ہوگئی': انڈین یوٹیوب چینل پاکستانی گانے چرانے پر بند

پاکستانی گانے چرانے والا چینل انڈیا میں کافی مقبول تھا (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کا ایک یوٹیوب چینل پاکستانی گانے چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا ہے۔ 'لاسٹ سگریٹ' نامی اس چنیل پر پاکستانی گلوکاروں کے گانے بغیر کاپی رائٹ کے استعمال کیے جا رہے تھے۔ جن گلوکاروں اور گروپس کے گانے چلائے جا رہے تھے ان میں علی سیٹھی، بیان، کشمیر، دی بینڈ اور ٹونٹی ون دی بینڈ وغیرہ شامل ہیں۔
اس چنیل کی رپورٹ پاکستان میں ریکارڈ لیبل ڈسٹریبیوشن والی کمپنی ’ریہارٹس‘ نے کی ہے جو کہ پاکستانی بینڈز کی نمائندگی کرتی ہے جن کے گانے انڈین چینل پر استعمال کیے گئے تھے۔ ریہارٹس نے لاسٹ سگریٹ کو کاپی رائٹس کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی نوٹس بھیجوایا ہے۔
ریہارٹس کے مینجنگ ڈائریکٹر احمد بٹ نے اردو نیوز کو بتایا کہ اُن کی کمپنی پاکستانی گلوکاروں کے گانے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپ لوڈ کرتی ہے اور اُن کو اپنے گلوکاروں کے گانوں کے کاپی رائٹس کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔
احمد بٹ نے بتایا کہ انڈیا میں اور بھی کئی یوٹیوب چینلز ہیں جو پاکستانی گلوکاروں کے گانے چوری کرتے ہیں۔ تاہم اُن چینلز کے سبسکرایئبرز کی تعداد تین لاکھ سے زائد تھی۔ جبکہ مختلف گانوں پر کئی لاکھ ویوز بھی تھے، جس کی وجہ سے اس معاملے کو سوشل میڈیا پر اُٹھایا گیا ہے۔
احمد بٹ کا کہنا تھا کہ اُن کی کمپنی کی جانب سے کچھ روز قبل اس چینل سے پاکستانی مواد ہٹایا گیا ہےاور پھر اس چینل کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔
اُنھوں نے بتایا کہ یہ چینل انڈیا میں کافی مقبول تھا۔ اس لیے اسے پسند کرنے والے سوشل میڈیا ہر اُن کے گلوکاروں کے اکاونٹس پر جا کر اُن سے اس چینل کے خلاف قانونی نوٹس واپس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
احمد بٹ کا کہنا ہے اُنھوں نے تمام مذکورہ گلوکاروں کے ساتھ سوشل میڈیا پر ایک مشترکہ بیانیہ بھی جاری کیا ہے۔
اُنھوں نے مزید بتایا کہ انڈین چینل کے مالک کی جانب سے اپنے فالورز کے نام ایک بیغام بھی دیا گیا ہے۔ جس میں اُنھوں نے بغیر کاپی رائٹس کے پاکستانی گوکاروں کے گانے چلانے پر معافی مانگی ہے اور اُنھوں نے اس بات کو تسلیم کیا ہے کہ اُن کی جانب سے غلطی ہوئی ہے۔

انڈین فنکاروں کو پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے سے روک دیا گیا تھا (فوٹو: پکسا بے)

خیال رہے اس ماہ کہ آغاز میں ہی فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سائن ایمپلائز نے انڈین فنکاروں کو پاکستانی فنکاروں کے ساتھ مل کر لائیو سیشن کرنے یا کسی بھی طرح سے ساتھ کام کرنے سے روک دیا تھا۔ یہ اقدام انڈین گلوکارہ ریکھا بھردواج اور پاکستان کی نامور گلوکارہ فریدہ خانم کی انسٹاگرام پر لائیو پرفرمارمنس کے بعد کیا گیا تھا، جس کو علی سیٹھی نے بھی اپنے اکاونٹ پر شئیر کیا تھا۔
رواں سال فروری میں بالی وڈ اداکار سلمان خان نے امریکہ میں لائیو شو کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ یہ شو امریکہ میں رہنے والی پاکستانی خاتون ریحانہ صدیق کی جانب سے منعقد کیا جانا تھا۔

شیئر: