Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاک ڈاؤن میں تفریح کے لیے فیس بک کی نئی گیمنگ ایپ

ایپ کا آئی او ایس ورژن ایپل سے منظوری کے بعد متعارف کروایا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک آن لائن گیمز کے شائقین کے لیے موبائل گیمنگ ایپ لانچ کرنے جا رہا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فیس بک نے آج پیر کے روز گیمنگ ایپ متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔
اس ایپ کے ذریعے آن لائن گیمز لائیو سٹریم کرتے ہوئے کھیلی جا سکیں گی۔ فیس بک گیمنگ ایپ میں ایمازون ٹوِچ، گوگل یوٹیوب اور مائیکرو سافٹ مکسر سے کہیں زیادہ بہتر گیمنگ فیچرز موجود ہوں گے۔ 
فیس بک کی یہ گیمنگ ایپ جون میں لانچ کرنے کا ارادہ تھا لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں میں محصور لوگوں کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایپ جلدی لانچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گیمنگ ایپ کے سربراہ فدجی سیمو کا کہنا تھا کہ گیمنگ میں سرمایہ کاری فیس بک کی اولین ترجیح ہے کیونکہ گیمنگ ایسا تفریح کا ذریعہ ہے جس کے تحت لوگ رابطے میں آتے ہیں اور ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملتا ہے۔
روئٹرز کے مطابق اس ایپ کے ذریعے گیمنگ کمیونٹی کے ساتھ بھی رابطے میں آنا ممکن ہوگا۔
ایپ کا آئی او ایس ورژن ایپل سے منظوری کے بعد متعارف کروایا جائے گا۔

ایپ کے ذریعے گیمنگ کمیونٹی کے ساتھ رابطے میں آنا بھی ممکن ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)

چند دن پہلے فیس بک نے سماجی رابطوں کی ایپ ’انسٹا گرام‘ پر بھی نئے فیچر متعارف کروائے تھے جن کے ذریعے ویب صارفین کو بھی لائیو سٹریم دیکھنے اور ڈائریکٹ میسیجز کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ اس سے قبل یہ فیچر صرف موبائل ایپ تک محدود تھا۔
انسٹاگرام کے نئے فیچر کے تحت اب لیپ ٹاپ، ڈیسک ٹاپ پر ایپلیکیشن استعمال کرنے والے صارفین کو لائیو سٹریم دیکھنے کے لیے اپنے فون میں انسٹال کی گئی ایپ کھولنے کی ضرورت نہیں پڑتی ہے۔
انسٹاگرام کی یہ سہولت استعمال کرنے والے صارفین فی الوقت لائیو سٹریم ہی دیکھ سکیں گے، لیکن ویب سٹریمنگ کی سہولت ابھی ممکن نہیں۔

شیئر: