مجموعی مریضوں کی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کر گئی(فوٹو، سوشل میڈیا)
سعودی وزارت صحت کی جانب سے ’کورونا‘ کے حوالے سے 30 اپریل کو جاری ہونے والے اعداد وشمار میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں1351 افراد میں ’کووڈ19‘ کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ’کورونا وائرس‘ کے مجموعی مریضوں کی تعداد 22 ہزار 753 تک پہنچ گئی۔
وزارت صحت کے مرکزی ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے ریاض میں منعقدہ یومیہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا ’کورونا سے 5 افراد ہلاک ہوئے جس کے ساتھ اس وبائی مرض سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 162 ہو گئی.
’گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 210 افراد نے کووڈ 19 کے مرض کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے۔ اب تک کورونا سے 3ہزار 163 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔‘
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے چارٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے سب سے زیادہ مریضوں کی تصدیق ریاض میں ہوئی جن کی تعداد 440 تھی جبکہ مکہ میں 392ِ، جدہ میں 120، مدینہ منورہ میں 119، دمام میں 110، الجبیل 35، الھفوف 29، القطیف 23، الطائف 17، الزلفی 13، بریدہ 11، خلیص 5 ، الخبر 7، تبوک 4، راس تنورہ 3، المزاحمیہ 3، الجفر دو، حائل دو جبکہ خمیس مشیط ، الظھران، النعیریہ ، المذنب، الباحہ، الوجہ املج، حفر الباطن، القنفذہ، القریات، رفحا، وادی الدواسر اور ساجر کے علاقے میں ایک ایک شخص میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
وزار صحت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران جن 1351 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ان میں سے 83 فیصد غیر ملکی جبکہ 17 فیصد سعودی ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹے میں کووڈ 19 سے ہلاک ہونے والے 5 افراد میں 2 سعودی اور 3 غیر ملکی شامل ہیں۔
مجموعی مریضوں میں سے 123 کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج ہیں ، تمام مریضوں کی بہترین طریقے سے دیکھ بھال کی جارہی ہے ، کووڈ 19 کے مرض میں مبتلا افراد کو اصولوں کے مطابق کورونٹائن کیاجاتا ہے جبکہ ایسے مریض جن کے بارے میں شک ہوانہیں آئیسولیشن وارڈ میں رکھا جاتا ہے۔
ترجمان صحت نے مزید کہا کہ کورونا وائرس سے بچاو کے لیے جن احتیاطی تدابیر کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کیا جارہا ہے ان پر سختی سے عمل کریں۔ سماجی رابطوں میں دوری بے حد لازمی ہے اس سے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکتا ہے۔
حکومت نے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے کرفیو نافذ کیا ہے تاکہ لوگ زیادہ سے زیادہ وقت گھروں پر رہیں اور انتہائی اشد ضرورت کے علاوہ گھروں سے باہر نہ نکلیں۔