عارضی منڈی میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھا گیا ہے (فوٹو: سبق نیوز)
بلدیہ جدہ کی جانب سے لوگوں کی سہولت کے لیے شہر کے 3 مقامات پر عارضی سبزی منڈیاں قائم کر دی گئی ہیں۔
کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر کرفیو اور لاک ڈاؤن میں لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے شہر کے شمالی، جنوبی اور مشرقی علاقوں میں عارضی بنیادوں پر سبزی اور فروٹ منڈی قائم کی گئی ہے.
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق ریجنل بلدیہ کے عہدیدار محمد الزھرانی نے بتایا کہ ’ شہر کے شمالی علاقے میں واقع ’سلام مال‘ میں عارضی بنیاد پر سبزی منڈی قائم کی گئی ہے۔ جنوبی سمت کے علاقے ’الزھرا‘ میں سوق الشاطی اور شمال مشرقی سمت میں ’الیاسمین مال‘ میں عارضی سبزی منڈیوں میں کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔'
الزھرانی نے مزید کہا کہ ’عارضی بنیادوں پرقائم کی جانے والی سبزی منڈیوں میں بلدیہ کی تفتیشی ٹیمیں مسلسل نگرانی کرتی رہتی ہیں تاکہ احتیاطی تدایبر پر عمل کو یقینی بنایاجا سکے‘.
یاد رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے تمام شہروں میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ کرفیو میں صبح 9 سے شام 5 بجے تک نرمی کی جاتی ہے تاکہ لوگ رمضان میں اپنی ضروریات کی اشیا خرید سکیں۔
مرکزی سبزی منڈی میں عام افراد کا داخلہ محدود کرنے اور لوگوں کو مختلف مقامات پر تازہ سبزی حاصل کرنے کے لیے بلدیہ نے عارضی بنیادوں پر منڈیوں کے قیام کی اجازت دی تھی.
عارضی سبزی منڈیوں میں بلدیہ کی جانب سے وزارت صحت کی جانب سے مقرر کی جانے والی ہدایات پر عمل کیا جا رہا ہے جس کے مطابق سماجی فاصلہ رکھنا سب سے اہم ہے۔ ہدایات کے پیش نظر سبزی فروشوں کی عارضی دکانوں کو مناسب فاصلے پر بنایا کیا گیا ہے.
عارضی بنیادوں پر قائم کی جانے والی سبزی منڈی سے لوگ کرفیو میں نرمی کے اوقات کے دوران باآسانی اپنی مرضی کی سبزی اور پھل خرید سکیں گے۔