Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طبی فضلہ عام کوڑے میں پھینکنے پر چار ٹینکر ڈرائیور گرفتار

’طبی فضلہ ان ہسپتالوں کا تھا جہاں کورونا کے مریضوں کا علاج ہو رہا ہے‘ ( فوٹو: عاجل)
طائف میونسپلٹی نے طبی فضلہ عام کوڑے میں پھینکنے پر چار ٹینکر ڈرائیوروں کو گرفتار کر لیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ٹینکر ڈرائیوروں کا تعلق اس کمپنی سے ہے جس نے طائف محکمہ صحت کے ساتھ ہسپتالوں کا طبی فضلہ اٹھانے کا معاہدہ کر رکھا ہے۔
طائف میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’شہر سے دور جہاں عام کوڑا پھینکا جاتا ہے وہاں ٹینکر ڈرائیوروں کو طبی فضلہ پھینکتے ہوئے پکڑا گیا ہے‘۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’عام کوڑے دان میں جو طبی فضلہ پھینکا جا رہا تھا وہ بعض ایسے سرکاری ہسپتالوں کا تھا جہاں کورونا کے مریضوں کا علاج ہو رہا ہے‘۔
میونسپلٹی کے مطابق ’عام کوڑے کے ساتھ طبی فضلہ پھینکنے سے ایک طرف ماحولیاتی آلودگی ہو سکتی ہے اور دوسری طرف وبائی بیماری بھی پھیل سکتی ہے‘۔
میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’طبی فضلہ اٹھانے والے ادارے اس بات کے پابند ہیں کہ وہ ضوابط پر عمل کریں، طبی فضلہ مخصوص جگہوں پر پھینکیں اور اس سے پہلے انسان اور ماحولیات کے لیے اس کے نقصان کو ختم کرنے کا یقین کرلیں‘۔

شیئر:

متعلقہ خبریں