عالمی ادارہ صحت نے خلیجی ممالک کی تعریف کی ہے.(فوٹو اے ایف پی)
خلیجی تعاون کونسل میں شامل ممالک نئے کورونا وائرس کا مقابلہ قرنطینہ اور سماجی فاصلے کے ضابطے کی پابندی کرکے پوری قوت سے کررہے ہیں.
گوگل کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق معاشی ضروریات کی تکمیل کے لیے گھروں سے نکلنے کی آزادی کے باوجود پوری دنیا میں قرنطینہ اور سماجی فاصلے کی پابندی میں سرفہرست خلیجی ممالک ہی ہیں.
عاجل ویب سائٹ کے مطابق پبلک مقامات پر آمدورفت میں کمی کے حوالے سے بحرین پوری دنیا میں پانچویں نمبر پر ہے. جہاں سڑکوں پر نقل و حرکت میں 31 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی. بحرین کا نمبر جنوبی کوریا، جاپان، امریکہ اور سنگاپور کے بعد ہے.
خلیجی ممالک میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، سلطنت عمان اور بحرین کو سماجی فاصلہ رکھنے والے ممالک میں سرفہرست شمار کیا گیا.
گوگل ہر ملک میں رونما ہونے والی تبدیلی سے متعلق سہ ماہی اعدادوشمار کی تجزیاتی رپورٹ پیش کررہا ہے. اس کے بموجب سال رواں 2020 کے ابتدائی تین ماہ کے دوران خلیجی ممالک میں تفریحی مقامات، جنرل سٹورز اور شاپنگ سینٹرز وغیرہ میں نقل وحرکت میں غیرمعمولی کمی ریکارڈ کی گئی.
بحرین میں نقل و حرکت 21.2 فیصد، کویت میں 36.3 فیصد، سلطنت عمان میں 37.8 فیصد، سعودی عرب میں 38.5 فیصد اور متحدہ عرب امارات میں 42.33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی.
پبلک ٹرانسپورٹ اور ریٹیل کے شعبوں میں اوسط کمی 60 فیصد سے لے کر 53.2 فیصد ریکارڈ کی گئی.
بحرین سینٹر فار سٹراٹیجک سٹڈیز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمر العبیدلی نے بتایا کہ کورونا کی وبا کے انسداد کے دوران صحت اور اقتصادی اہداف میں توازن پیدا کرنا بے حد مشکل مرحلہ ہے. تمام ممالک ان دنوں اس چیلنج کا سامنا کررہے ہیں.
خلیجی ممالک نے شروع ہی میں حفاظتی اقدامات کرکے اپنے یہاں کا ماحول مناسب بنالیا. پابندیوں کے باوجود خلیجی ممالک کا ماحول معمول کے عین مطابق نظر آرہا ہے.
عالمی ادارہ صحت نے وبا سے نمٹنے کے لیے پیشگی تدابیر اختیار کرنے پر خلیجی ممالک کی تعریف کی.
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں