Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اس سال نئے نوٹوں کی عیدی نہیں ملے گی

سٹیٹ بینک نے گذشتہ سال 360 بلین روپے مالیت کے نئے کرنسی نوٹ جاری کیے تھے (فوٹو:سوشل میڈیا)
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات اور ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کے تناظر میں اس مرتبہ عیدالفطر کی مناسبت سے نئے کرنسی نوٹ جاری نہیں کیے جائیں گے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بینک دولت پاکستان کے ترجمان عابد قیصر کا کہنا تھا کہ 'کرنسی نوٹوں کی چھپائی کا کام تو معمول کے مطابق جاری ہے تاہم اس مرتبہ عید کے موقع پر اضافی کرنسی نوٹ جاری نہیں کیے جائیں گے۔'
ہر سال سٹیٹ بینک ایس ایم ایس سروس کے تحت نئے نوٹ لینے کے خواہشمند افراد کو کمرشل بینکس کی برانچوں کے ذریعے کرنسی نوٹوں کی فراہمی یقینی بناتا ہے۔
عابد قیصر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خطرے کے تحت سٹیٹ بینک میں صرف ضروری فرائض کی انجام دہی کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ دیگر تمام کام گھروں سے اور سوشل ڈسٹنسنگ کے ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔
 گذشتہ برس عیدالفطر پر بینک دولت پاکستان نے 360 بلین روپے مالیت کے نئے کرنسی نوٹ جاری کیے تھے جو زیادہ تر کم مالیت کے تھے۔ ان میں 100، 50، 20 اور 10 روپے کے نوٹ شامل تھے۔

عیدی کے طور پر نئے اور کرارے نوٹ ہی پسند کیے جاتے ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)

عیدالفطر کے موقعے پر عیدی دینا تہوار کا حصہ ہے اور اس کے لیے نئے اور کرارے نوٹ ہی پسند کیے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ سٹیٹ بینک کو اربوں روپے مالیت کے نئے کرنسی نوٹ جاری کرنا پڑتے ہیں۔
نئے نوٹ سٹیٹ بینک اپنے سابقہ اور حالیہ ملازمین کے علاوہ عام عوام کے لیے بھی جاری کرتا ہے اور کمرشل بینکوں کی برانچوں کے توسط سے اس کی ترسیل کی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ منی چینجرز کے پاس بھی نئے کرنسی نوٹ دستیاب ہوتے ہیں۔

شیئر: