Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'ہنسی جو پہاڑ ہلا سکتی ہے اور دل بھی توڑ سکتی ہے'

مادھوری ڈکشٹ نے کئی سپر ہٹ فلموں میں کام کیا ہے (فوٹو: انسٹاگرام)
خوبصورت مسکراہٹ، زبردست ڈانس، عمدہ اداکاری کرنے والی مادھوری ڈکشٹ کی سالگرہ کے موقعے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے پیغامات کا ایک سلسلہ جاری ہے۔
’دھک دھک گرل‘ کے نام سے مشہور مادھوری ڈکشٹ آج 53 برس کی ہو گئی ہیں۔
15 مئی 1967 کو ممبئی میں پیدا ہونے والی مادھوری نے 1984 میں ڈرامہ ابودھ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ فلمی کیریئر میں مادھوری نے کئی یادگار فلمیں کیں۔
انہوں نے رام لکھن، تری دیو، دل، ساجن، بیٹا، کھل نائیک اور دیوداس جیسی سپرہٹ فلموں میں کام کیا۔

 

ان کی فلم 'بیٹا' کو بہترین اداکاری کی بدولت 6 بار فلم فیئر ایوارڈز سے نوازا گیا۔ اسی فلم کا گانا دھک دھک کرنے لگا اتنا مشہور ہوا کہ اس کے بعد مادھوری دھک دھک گرل کے نام سے ہی مشہور ہو گئیں۔
پریٹی زنٹا اور انیل کپور سمیت دیگر بالی وڈ اداکاروں نے بھی انہیں سالگرہ کے دن مبارک باد اور دعائیں دی ہیں۔
انیل کپور نے مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ لی گئی تصویر پوسٹ کی اور ساتھ ہی کائلی سکاٹ کا ایک کوٹ لکھا: ’وہ ہنسی جو پہاڑ ہلا سکتی ہے اور دل بھی توڑ سکتی ہے۔ مادھوری کو سالگرہ مبارک ہو جن کی ہنسی یہ دونوں کام جاری رکھے ہوئے ہے۔‘

سوشل میڈیا صارفین مادھوری پر فلمائے گئے اپنے پسندیدہ گانے بھی شیئر کرتے رہے اور انہیں محبت بھرے پیغامات بھی بیھجتے رہے۔ انڈین اداکارہ لیلی سنگھ نے کچھ انوکھے انداز میں مادھوری ڈکشٹ کو سالگرہ کی مبارک باد دی جو اداکارہ کو بہت پسند آئی۔
لیلی سنگھ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی جس میں مادھوری کے تمام مشہور گانوں پر ڈانس کیا۔
اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ واقعی بہت کیوٹ ہے۔'
سالگرہ کے موقعے پر مادھوری ڈکشٹ نے بھی مداحوں کو ایک تحفہ دیا۔ 
ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنے نئے گانے کی ویڈیو کا ایک حصہ شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا کہ ’سالگرہ کے موقعے پر آپ سب کی نیک خواہشات اور محبت کا بے حد شکریہ! اس کے بدلے میں بھی کچھ پیار واپس دینا چاہتی ہوں، اس لیے اپنے آنے والے گانے کا ایک حصہ شیئر کر رہی ہوں، مکمل گانا بھی جلد ریلیز ہوگا۔ گانے کا عنوان ہے 'کینڈل‘ اور یہ امید سے متعلق ہے جس کی ہمیں اس وقت بہت زیادہ ضرورت بھی ہے۔'

شیئر: