درین اثنا انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے تقریبا پانچ ہزار مثبت کیسز سامنے آئے ہیں جو کہ ایک دن میں سب سے زیادہ مثبت کیسز کا ریکارڈ ہے۔
واضح رہے کہ انڈیا کورونا کیسز میں چین سے بھی آگے نکل چکا ہے جہاں سے کورونا گزشتہ برس دسمبر میں پھیلنا شروع ہوا تھا۔
وزارت صحت کے مطابق انڈیا میں کورونا کے مثبت کیسز کی مجموعی تعداد بڑھ کر اب 96 ہزار 169 ہو گئی ہے جبکہ مرنے والوں کی مجموعی تعداد تین ہزار 29 ہو گئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں 154 اموات ہوئی ہیں۔
انڈیا کی مغربی ریاستوں مہاراشٹر اور گجرات کے اعداد و شمار کو اگر جوڑا جائے تو یہ ملک میں کورونا پازیٹو کیسز کا تقریبا نصف بنتے ہیں اور ان دونوں ریاستوں میں شرح اموات بھی دیگر علاقوں سے زیادہ ہے۔
مہاراشٹر میں مجموعی کیسز 30 ہزار سے زیادہ ہو چکے ہیں جبکہ انڈیا میں ہونے والی اموات میں نصف سے زیادہ افراد مہاراشٹر میں ہلاک ہوئے ہیں۔
گجرات میں متاثرین کی مجموعی تعداد 11 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہے۔ اس کے بعد تمل ناڈو ہے جہاں متاثرین کی تعداد دس ہزار سے زیادہ ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد تقریبا 500 ہو چکی ہے۔ چوتھے نمبر پر دارالحکومت دہلی ہے۔
مہاراشٹر میں مجموعی کیسز 30 ہزار سے زیادہ ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
لاک ڈاؤن کے چوتھے مرحلے میں شادیوں میں 50 لوگوں کے شرکت کی حد قائم کی گئی ہے جبکہ جنازے میں 20 لوگوں کو شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔
مرکزی حکومت نے ریاستوں کی صوابدید پر ٹرانسپورٹ کا فیصلہ چھوڑ دیا ہے کہ بین ریاستی ٹرانسپورٹ پر مل جل کر فیصلہ کر سکتے ہیں۔ تمام عوامی دفاتر میں ماسک پہننا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
دہلی کے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت لاک ڈاؤن کے متعلق اپنی ہدایات جلد جاری کرے گی۔ اسی طرح دوسری ریاستی حکومتوں سے بھی توقع کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب پورے ملک میں سکول، کالج اور دیگر تعلیمی ادارے بند رہیں گے، سٹیڈیم کھلیں گے لیکن شائقین نہیں جا سکیں گے۔ جم بھی بند رہیں گے۔
اس کے علاوہ تمام قسم کی سماجی، سیاسی، کھیل، انٹرٹینمنٹ، اکیڈمک، ثقافتی اور مذہبی تقاریب پر بھی پابندیاں برقرار رہیں گی۔