وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے بیس سے تیس مئی تک ٹرینیں چلانے کی اجازت دے دی ہے جو ایس او پیز کے تحت چلائی جائیں گی۔
پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ کل تمام سٹیشنوں پر ریہرسل کی جائے گی۔
’میں خود پورے عمل کی نگرانی کروں گا، سواریوں کا حساب کتاب کر لیا ہے، مناسب فاصلہ رکھا جائے گا۔‘
مزید پڑھیں
-
پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ اور شاپنگ مالز کھولنے کی اجازتNode ID: 479291
-
کیا کورونا کے ساتھ لمبے عرصے تک رہنا ہوگا؟Node ID: 479386
انہوں نے کہا بغیر بکنگ اور ٹکٹ کے کوئی سٹیشن پر نہیں آ سکتا۔ ’مسافر ایک گھنٹہ پہلے پہنچیں، کوئی کسی کو چھوڑنے یا لینے سٹیشن پر نہ آئے۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ 23 مئی تک کورونا وائرس کے حالات بہتر رہے تو یکم جون سے تمام ٹرینیں چلا دی جائیں گی۔
’ریلوے قومی سواری ہے کوئی آڑھت کی دکان نہیں ہے اور نہ ہی صوبوں کے ماتحت ہے۔‘
شیخ رشید نے کہا کہ کسی صوبے سے لڑائی نہیں، تمام صوبوں کا شکرگزار ہوں۔ ’مراد علی شاہ سے کہوں گا کہ ہمارے معاملات ٹھیک رکھیں۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر جگہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
’اگر کسی جگہ قواعد کی خلاف ورزی دیکھی گئی تو ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔‘
سواریوں کے لیے عمر کی پانبدی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ایسی کوئی پابندی نہیں ہے، خواتین بچے اور کوئی بھی ریلوے پر سفر کر سکتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہرکی ہے کہ لوگ تعاون کریں گے۔
ریلوے معاملات پر بات کرتے کرتے وہ سیاسی معاملات بالکل بھی نہیں بھولے اور بولے حکومت چل رہی ہے اور چلتی رہے گی، کوئی سازش نہیں ہو گی۔
’جو سازش کرنے آئے تھے ان کا نام بلیک لسٹ میں آ گیا ہے اور ای سی ایل میں بھی آئے گا۔‘
ساتھ ہی انہوں نے انڈین گانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ گاتے پھریں گے ’جانے کہاں گئے وہ دن‘
انہوں نے ایک بار پھر یہ پیشن گوئی دہراتے ہوئے کہا کہ 31 جولائی تک جھاڑو پھر جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’نیب آرڈیننس میں ترمیم ہوتے نہیں دیکھ رہا‘
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں