Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں پبلک ٹرانسپورٹ اور شاپنگ مالز کھولنے کی اجازت

پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کی حکومت نے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کرتے ہوئے صوبے بھر میں بڑے شاپنگ مالز سمیت شہروں کے اندر اور ایک سے دوسرے شہر جانے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
سنیچر کو جاری ہونے والے پنجاب حکومت کے اعلامیے کے مطابق مسافروں کے لیے کرایوں میں 20 فیصد کمی کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ حکومت نے آن لائن ٹیکسی و ٹرانسپورٹ سروس کو بھی کام کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
حکومت کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ اور آن لائن ٹیکسی و ٹرانسپورٹ سروسز کو حکومتی قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا جبکہ مسافروں، ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کے لیے ماسک پہننا ضروری ہوگا۔
پنجاب حکومت نے پاورلومز کو بھی کام کی اجازت دی ہے تاہم یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس ضمن میں محکمہ صنعت کے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ایس او پیز کے تحت گرجا گھروں میں بھی اتوار کے روز عبادت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلی نے یہ بھی کہا ہے کہ 'کورونا کا خطرہ ختم نہیں ہوا بلکہ ہمیں مزید احتیاط کی ضرورت ہے۔'

وزیراعلی کے مطابق ’شہری جتنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اتنا ہی کورونا سے محفوظ رہیں گے۔'

انہوں نے کہا کہ 'شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ شہری جتنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اتنا ہی کورونا سے محفوظ رہیں گے۔'

شیئر: