سعودی شہریوں اور غیرملکیوں کو دھوکہ دے کر رقم جمع کررہے تھے.(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب میں مکہ پولیس نے بیرون ملک مقیم بہروپیے کے لیے رقم جمع کرنے والے 7 رکنی گروہ کو گرفتارکیا ہے.
مکہ مکرمہ پولیس کے ترجمان محمد الغامدی نے بتایا ہے کہ گروہ کے زیر حراست ارکان بیرون ملک مقیم بہروپیے کے لیے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو دھوکہ دے کر ان سے رقم جمع کررہے تھے.
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق گروہ میں پانچ افراد کا تعلق یمن اور دو کا سعودی عرب سے ہے جبکہ ایک خاتون شامل تھی.
بیرون مملکت مقیم بہروپیہ خود کو اعلی سعودی عہدیدار ظاہر کررہا تھا اور سماجی رابطےکے وسائل پرپیغامات بھیج کر مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے عطیات جمع کررہا تھا.
وہ لوگوں کو جھانسہ دے رہا تھا کہ وہ ایک اعلی سعودی عہدیدار ہے اورعطیات مختلف لوگوں کی مدد کے لیے جمع کررہا ہے.
پولیس ترجمان نے بتایا کہ جرائم پیشہ گروہ کے ساتوں افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی. ان کے قبضے سے بھاری رقم برآمد ہوئی ہے جو انہوں نے لوگوں کی مدد کے نام پر بیرون ملک مقیم بہروپیے کے لیے جمع کی تھی.