کھلاڑیوں میں کورونا: یوکرین پریمیئر لیگ کا میچ ملتوی
یوکرین میں 23 ہزار 204 افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
یورپی ملک یوکرین میں متعدد کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد پریمیئر لیگ کا ایک میچ ملتوی کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یوکرین پریمیئر لیگ نے کہا ہے کہ متعدد کھلاڑیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد ایک میچ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میچ کارپاتے لیویو اور ماریوپال کے درمیان یوکرین کے شہر لیویو میں منعقد ہونا تھا۔
کارپاتے لیویو ٹیم کے کھلاڑیوں اور سٹاف ممبران میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد میچ ملتوی کرنا پڑا۔
پریمیئر لیگ کے بیان کے مطابق فی الحال یہ معلوم نہیں کہ کتنے کھلاڑیوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، تاہم احتیاط برتتے ہوئے تمام کو آئسولیشن میں رہنے کو کہا گیا ہے۔
یوکرین پریمیئر لیگ کے تحت اس سیزن کے نو میچز منعقد ہونا رہ گئے ہیں۔ ان تمام میچز کو دیکھنے کے لیے شائقین کو گراؤنڈ میں آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور تمام کھلاڑیوں اور عملے کا ہر میچ سے پہلے درجہ حرارت بھی چیک کیا جائے گا۔
یوکرین میں اب تک کل 23 ہزار 204 افراد کورونا کا شکار ہو چکے ہیں جبکہ 696 اموات واقع ہوئی ہیں۔