دنیا میں محبت کی نشانی سمجھے جانے والے تاج محل کو انڈیا میں جمعے کی رات آنے والے طوفان سے نقصان پہنچا ہے اور اتوار کی صبح سے سوشل میڈیا پر تاج محل ٹرینڈ کر رہا ہے۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق جمعے کی رات آنے والے طوفان میں جہاں تاج محل کے سنگ مرمر کی ریلنگ کو نقصان پہنچا ہے وہیں کم از کم تین افراد ہلاک بھی ہو گئے ہیں۔
اترپردیش کی ضلعی انتظامیہ نے مرنے والوں کے لیے چار چار لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
سب ڈویژنل مجسٹریٹ یوگیندر کمار نے اے این آئی کو بتایا کہ طوفان میں 'تین آدمی اور کئی جانور ہلاک ہو گئے۔ آگرہ کے کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ہم لوگ نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں اور نقصان کو پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ مرنے والوں کے لواحقین کے لیے چار لاکھ روپے کی مالی امداد دیں گے۔'
دوسری جانب محکمہ آثار قدیمہ کے ایک افسر وسنت کمار سورنکر نے بتایا کہ تاج محل کے احاطے میں بہت سے درخت اکھڑ گئے اور عمارت میں سنگ مرمر کی ریلنگ کو نقصان پہنچا ہے۔
خیال رہے کہ تاج محل مغل بادشاہ شاہ جہاں نے 1653 میں اپنی بیوی ممتاز محل کے لیے بنوایا تھا۔
انھوں نے بتایا کہ مغربی دروازے پر ٹکٹ کھڑکی اور جانچ والے دروازے کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ دریائے جمنا کی جانب والی سنگ مرمر کی گھیرے بندی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ریلنگ سے سرخ پتھر کے دو پینل بھی گر گئے ہیں جبکہ کم از کم 10 درخت اکھڑ گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر تاج محل کے حوالے سے مختلف قسم کے خیالات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ کوئی کہہ رہا ہے کہ یہ محبت کی نہیں بلکہ انڈیا میں مسلم حکمرانی کی نشانی ہے جسے ختم ہو جانا چاہیے تو کوئی کہہ رہا ہے کہ انڈیا میں اس سے زیادہ خوبصورت منادر بھی ہیں۔ کسی نے لکھا کہ یہ انڈیا کی نمائندگی نہیں کرتا وغیرہ وغیرہ۔
لیپی کابی نامی صارف نے لکھا تاج محل خوبصورت ضرور ہے لیکن یہ کبھی بھی محبت کی نشانی نہیں رہا ہے۔
توصیف خان کے مطابق 'تاج محل کو محبت کی یادگار کہا جاتا ہے۔ تاج محل محبت کی علامت ہے۔ تاج محل دنیا کو محبت کی تعلیم دیتا ہے۔ تاج محل دنیا کے خاتمے تک محبت کی نشانی رہے گا۔ تاج محل تجھ سے محبت ہے۔'