Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ کے صوبائی وزیر کا کورونا سے انتقال

مرتضی بلوچ کئی روز سے ہسپتال میں زیر علاج تھے (فوٹو: ٹوئٹر)
سندھ کے صوبائی وزیر برائے کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کر گئے ہیں۔ وہ گذشتہ کئی روز سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے ان کی موت پر  افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران وہ اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ملیر میں غریب شہریوں کے گھروں میں راشن پہنچاتے رہے۔ 
دوسری طرف پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چار ہزار کے لگ بھگ افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور اس دوران مزید 78 اموات ہوئی ہیں۔
منگل کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق یکم جون کو 16 ہزار 548 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے تین ہزار 938 مثبت آئے ہیں۔
پاکستان میں عالمی وبا سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر ایک ہزار 621 ہو گئی ہے جبکہ 824 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

 

صوبہ پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں ہلاکتوں کی تعداد 540 ہو گئی ہے جبکہ سندھ میں اب تک اس وبا سے 503 افراد کی موت ہوئی ہے۔
خیبر پختونخوا میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 482، بلوچستان میں 49، اسلام آباد میں 30، گلگت بلتستان میں 11 اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں چھ ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے مطابق ملک میں اس وقت چار ہزار 736 مریض 727 ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر کے سلسلے میں عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت میں اس حوالے سے قانون کی دفعہ 188 کا نفاذ کیا گیا ہے جس کے مطابق ماسک نہ پہننے والوں کو جرمانے اور جیل بھیجنے کی سزا دی جا سکتی ہے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں اب تک کورونا کے 76 ہزار سے زائد کیسز رجسٹرڈ کیے گئے جن میں سے 27 ہزار 110 مریض صحت یاب ہوئے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس فروری کے اواخر میں سامنے آیا تھا۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: