Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی گلوکار ابرار الحق بھی کورونا وائرس کا شکار

ابرار الحق نے کہا تھا کہ انہیں کھانسی اور بخار ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور مشہور گلوکار ابرار الحق بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے شیئر کی ہے۔
ابرار الحق نے لکھا ہے کہ 'میرا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، میں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے، تاہم انشاء اللہ میں سکائپ کے ذریعے ریڈ کریسنٹ اور سہارا ورکر کی حیثیت سے اپنے فرائض سرانجام دیتا رہوں گا۔ برائے مہربانی میرے اور کورونا سے لڑنے والے تمام افراد کے لیے دعا کریں۔'
قبل ازیں سنیچر کو ابرار الحق نے اپنی ایک ٹویٹ کے ذریعے یہ خدشہ ظاہر کیا تھا کہ شاید وہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
ٹوئٹر پر گلوکار نے لکھا تھا کہ انہیں گذشتہ رات سے خشک کھانسی اور بخار کی شکایت ہے، لیکن وہ اُمید کرتے ہیں کہ یہ کورونا نہ ہو۔
ابرار الحق نے گذشتہ دنوں ان سے ملنے والے گورنر پنجاب چوہدری سرور اور دیگر افراد کو اپنی طبیعت سے آگاہ کرتے ہوئے کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے گلوکار کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ اب تک پاکستان کی کئی نامور شخصیات کورونا وائرس کا شکار ہو چکی ہے، دو روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر مملکت شہریار آفریدی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
ان سے قبل سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیر تعلیم سندھ سعید غنی اور کئی دیگر اہم شخصیات بھی کورونا کا شکار ہو چکی ہیں۔

شیئر: