انڈیا: بندر کورونا وائرس ٹیسٹ کے نمونے لے کر بھاگ گئے
انڈیا: بندر کورونا وائرس ٹیسٹ کے نمونے لے کر بھاگ گئے
جمعہ 29 مئی 2020 20:28
چرائے گئے نمونے بازیافت کروا لیے گئے تھے۔ فائل فوٹو اے ایف پی
انڈیا کی ریاست اتر پردیش میں پولیس کو عجیب سکیورٹی صورتحال سے نمٹنا پڑ گیا جب بندروں نے ایک ہیلتھ ورکر پر حملہ کیا اور کورونا وائرس ٹیسٹ کے نمونے چھین لیے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر میرت میں ایک ہیلتھ ورکر کورونا متاثرین کے خون کے نمونوں کا ڈبہ اٹھائے لے کر جا رہا تھا کہ بندروں نے اس پر حملہ کر دیا۔
میرٹھ میڈیکل کالج کے سپرینٹنڈنٹ دھیرج راج نے امریکی نیوز چینل سی این این کو بتایا کہ لیب اسٹینٹ ٹیسٹ کروانے کی غرض سے خون کے نمونے لیبارٹری لے کر جا رہا تھا کہ بندر اس کا ڈبہ چرا کر بھاگ گئے۔
بندروں نے ڈبہ کھول کر خوب چھان بین کی اور تین نمونے لے کر قریب درختوں پر چڑھ گئے۔ ایک بندر نے تو بوتل بھی چبانے کی کوشش کی جس میں خون کا نمونہ موجود تھا۔
اس واقع کے بعد شہریوں میں خوف پھیل گیا کہ کہیں کورونا کے نمونوں کے ذریعے وبا علاقے میں بھی نہ پھیل جائے۔
کالج کے میڈیکل سپرینٹنڈنٹ دھیرج راج نے واضح کیا کہ تمام نمونے بازیاب ہو گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ نمونے اپنی اصلی حالت میں موجود ہیں اور وبا پھیلنے یا کسی کے متاثر ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
سپرینٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ جن تین لوگوں کے خون کے نمونے بندر چرا کر بھاگ گئے تھے، ان کے دوبارہ ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
انڈیا میں اکثر بندروں کے خوراک اور موبائل فون چرانے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں جن سے نمٹنے کے لیے پولیس کی مدد حاصل کرنا پڑ جاتی ہے۔
انڈیا کے دیہی علاقوں میں کسانوں کو شکایت رہتی ہے کہ بندر ان کی ٖفصل لے کر بھاگ جاتے ہیں۔ کسانوں کا مقامی انتظامیہ سے بندروں کی آبادی پر قابو پانے کا مطالبہ رہا ہے۔