Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں سیاحت کب بحال ہوگی؟

سیاح ابھی سیر و سیاحت کے لیے نہیں نکل رہے (فوٹو: سبق)
سعودی وزارت سیاحت کا کہنا ہے کہ جولائی 2020 تک  داخلی سیاحت کے حوالے سے ماحول بحال ہوسکے گا۔
وزارت کے مشیر اول ھیثم مطر نے بتایا کہ ابھی سیاحت کے لیے  نکلنے والے بہت کم تعداد میں ہیں۔ معلومات ناکافی ہیں۔ ماحول شفاف نہیں ہے، البتہ جولائی سے سیاحت کا سلسلہ  بحال ہونے لگے گا۔

مقامی سیاح ہی سیاحت کی بحالی کی بنیاد بنیں گے (فوٹو: سوشل میڈیا)

سبق ویب سائٹ کے مطابق مطر سعودی وزارت سیاحت کی نگرانی میں دبئی میں عرب سیاحتی مارکیٹ کے عنوان سے ہونے والی پہلی آن لائن کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس میں 148 ممالک کے 12 ہزار سے زیادہ نمائندے  شرکت کررہے ہیں۔
مطر نے کہا کہ بیشتر حکومتیں اپنے یہاں سماجی فاصلے کا اصول شدت سے لاگو کیے ہوئے ہیں۔ اعتماد کی بحالی کے  لیے مختلف اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں تاہم سیاح ابھی سیر و سیاحت کے لیے نہیں نکل رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاحتی مقامات کے لیے واضح پلان تیار کرنا ہوگا۔ سیاحت کی بحالی کے لیے مربوط حکمت عملی بنانا ہوگی۔ انٹرنیٹ کے ذریعے ٹریولنگ ایجنسیوں کے ساتھ مذاکرات ضروری ہوگئے ہیں۔ یہی ایجنسیاں سیر و سیاحت پرآمادہ افراد سے ربط و ضبط پیدا کر سکتی ہیں۔
مطر نے توجہ دلائی کہ سیاحت کا ماحول کئی مراحل میں بحال ہوگا- شروعات داخلی سیاحت سے ہوگی۔ مقامی سیاح ہی سیاحت کی بحالی کی بنیاد بنیں گے۔ اگلے مرحلے میں ایک ملک کے سیاح پڑوسی ملک کی سیاحت کے لیے جائیں گے۔ اس کے بعد عالمی سیاحت کا نمبر آئے گا۔ آنے والے ایام میں سیاحت میں زبردست مسابقت ہوگی۔ نجی اداروں کو اس سلسلے میں بڑا موثر کردارادا کرنا پڑے گا۔

 

 خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: