Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی کو 100 سال میں پہلی مرتبہ سمندری طوفان سے خطرہ

انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے ریکارڈ تقریباً نو ہزار کیسز درج کیے گئے ہیں جس کے بعد ملک میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد دو لاکھ کے ہندسے کو پار کر گئی ہے۔
مغربی ریاست مہاراشٹر جہاں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز ہیں اسے اب نیسارگہ سمندری طوفان کا سامنا ہے۔
سمندری طوفان کے مہاراشٹر کے ساحل سے ٹکرانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے اور ممبئی میں تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ساحلی ریاست گوا میں ہوا کی رفتار زیادہ تیز ہے۔
ساحلی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ شہر میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے جس کے تحت ایک جگہ چار سے زیادہ افراد اکھٹے نہیں ہو سکتے۔

 

پرائیوٹ ایئرلائنز انڈیگو نے ممبئی میں اپنی 17 پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
انڈین میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی) کے مطابق ہوا کی رفتار میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ طوفان کا دائرہ وسیع ہونے کے بجائے مرتکز ہو رہا ہے۔
محکمے کے مطابق طوفان میں 110 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی اور سمندر میں چھ فٹ سے زیادہ اونچی لہریں اٹھیں گی اور طغیانی ہوگی۔
آئی ایم ڈی نے متعدد ٹویٹس کے ذریعے نیسارگہ طوفان کے بارے میں معلومات فراہم کی ہیں اور کہا ہے کہ 'ہوا کے تیز ہونے کے لیے سازگار ماحول ہے اس لیے ہوا کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔'
موسمیات کے محکمے کے مطابق راڈار سے دیکھا گیا ہے کہ طوفان کا قطر 65 کلومیٹر تھا جو کم ہوا ہے جس کی وجہ سے ہوا کی رفتار میں اضافے کا خدشہ ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی کئی ٹیموں کو مہاراشٹر کے محتلف علاقوں میں تعینات کیا گیا ہے۔

ساحلی علاقوں سے 60 فیصد لوگ محفوظ مقامات پر چلے گئے ہیں (فوٹو: انڈین میڈیا)

خبر رساں ادارے اے این آئی نے این ڈی آر ایف کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس کی آٹھ ٹیمیں ممبئی میں تعینات کی گئی ہیں جبکہ پانچ کو رائے گڑھ میں، دو دو ٹیمیں پالگھر، تھانے اور رتناگیری میں اور ایک ٹیم سندھو درگ میں تعینات کی گئی ہے۔
این ڈی آر ایف کے مطابق ساحلی علاقوں سے 60 فیصد لوگ اپنے اپنے رشتہ داروں کے پاس محفوظ مقامات پر چلے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ انڈین فضائیہ نے ایئر لفٹ کی صورت میں وجے واڑا سے ممبئی کے لیے پرواز کی ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ اس سمندری طوفان کا زور شمالی مہاراشٹر کے علی باغ کے علاقے کی جانب رہے گا اور گجرات کے کچھ حصے کی جانب بھی جا سکتا ہے۔
ریاست کے وزیراعلٰی اور شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے لوگوں سے دو دنوں تک گھر کے اندر رہنے کی اپیل کی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ سو سال میں ایسا پہلی بار ہوگا کہ کوئی طوفان ممبئی سے ٹکرائے گا۔
ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ریاست نے اب تک جتنے طوفان دیکھے ہیں یہ طوفان ان سے تیز ہو سکتا ہے۔ آنے والے دو دن ساحلی علاقوں کے لیے اہم ہیں۔ جو لاک ڈاؤن کھولا گیا تھا اسے اگلے دو دنوں تک بڑھایا جا رہا ہے۔'

انڈیا میں دو ماہ بعد لاک ڈاؤن میں مرحلہ وار نرمی کی جا رہی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی نے ریاست مہاراشٹر اور گجرات کے وزرائے اعلیٰ سے بات کی ہے اور مرکز کی جانب سے امداد کی یقین دہائی کرائی ہے۔
اس طوفان کے پیش نظر جانی و مالی نقصانات کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب انڈیا میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں روزانہ تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکہ، برازیل، روس، برطانیہ، سپین اور اٹلی کے بعد انڈیا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ساتواں ملک ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 217 افراد ہلاک بھی ہوئے ہیں جن میں سے 103 افراد صرف ریاست مہاراشٹر میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
33 افراد دارالحکومت دہلی میں جبکہ 29 گجرات میں ہلاک ہوئے۔

شیئر: