Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں کورونا کیسز کے بعد حفاظتی اقدامات دوبارہ سخت

پاکستان میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس کے 4 ہزار 896 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 68 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔اس وقت تک ملک میں کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد 89 ہزار 204 ہو گئی ہے۔
ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 812 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جبکہ اب 6 لاکھ 38 ہزار 323 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔
جمعے کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے اموات ک تعداد 1838 ہو گئی ہے جبکہ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 31 ہزار 198ہے۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد میں ہفتہ اور اتوار کو تمام مارکیٹس اور دفاتر بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ضلعی مجسٹریٹ کے دفتر سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں ہفتہ اور اتوار کو تمام مارکیٹس اور دفاتر بند رہیں گے۔
جم ، پارلرز، درگاہیں، ہالز، بزنس سینٹرز دوبارہ سے مکمل بند کردیے گئے ہیں۔ کھیلوں کے مقابلے اور لوگوں کے اکٹھ /اجتماع پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
ملک میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں ہیں۔ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 33 ہزار 536 ہو گئی ہے۔
سندھ میں 575 افراد ہلاک جبکہ 16 ہزار 782 صحت یاب ہوئے ہیں۔ ملک میں مریضوں کے صحت یاب ہونے کی سب سے زیادہ شرح سندھ میں ہی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سندھ کے بعد صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز پائے گئے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے 33 ہزار 144 کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 7 ہزار 806 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ صوبے میں اب تک 629 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے اور یہ تعداد کسی بھی دوسرے صوبے یا علاقے سے زیادہ ہے۔
خیبر پختونخوا میں کورونا کے 11 ہزار 890 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔ صوبے 521 ہلاکتیں ہوئی ہیں جبکہ 3 ہزار 221 مریضوں کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

ملک میں کورونا کے صحت یاب مریضوں کی تعداد 31 ہزار 198 ہے (فوٹو: اے ایف پی)

بلوچستان میں کورونا وائرس کے 5 ہزار 582 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ صوبے میں وائرس سے 53 اموات ہوئی ہیں اور صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار 37 ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 ہزار 946 ہوگئی ہے جن میں سے 629 مریض صحت یاب ہوئے جبکہ 41 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
گلگت بلتستان میں 852 افراد کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ علاقے میں 541 افراد صحت یاب جبکہ 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 299 ہے، 182 افراد صحت یاب ہوئے ہیں جبکہ علاقے میں 7 اموات ہوئی ہیں۔

شیئر: