پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر انتظامیہ نے مختلف علاقے سیل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن میں کرونا کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 200 تک پہنچ گئی ہے جس کے بعد سیکٹر جی نائن ٹو اور تھری کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
کورونا کی انتہا کو کیسے جانچا جاتا ہے؟Node ID: 484131
-
احسن اقبال سمیت 80 سے زائد ارکان اسمبلی کورونا کا شکارNode ID: 484216
-
ماسک نہ پہننے پر شہریوں کو کرنٹ کیوں لگائے گئے؟Node ID: 484346
انہوں نے بتایا کہ سیکٹر جی نائن ٹو اور تھری کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا، انہوں نے جی نائن ٹو اور تھری کے رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ ضروری اقدامات مکمل کر لیں۔
ڈی سی اسلام آباد کے مطابق کراچی کمپنی مارکیٹ کو بھی مکمل سیل کر دیا جائے گا، یہ فیصلہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی مشاورت اور تجویز کے بعد کیا گیا ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 101 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد دو ہزار 356 تک پہنچ گئی ہے۔
کورونا سے سب سے زیادہ اموات صوبہ پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں اب تک کورونا سے اپنی جان گنوانے والوں کی تعداد 841 ہوگئی ہے۔
بدھ کی صبح نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورنا کے پانچ ہزار 834 کیسز سامنے آئے ہیں۔ نئے کیسز کے ساتھ پاکستان میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 18 ہزار 492 تک جا پہنچی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 26 ہزار 573 ٹیسٹ کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت آزاد کمشیر، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کورونا کا کوئی بھی مریض ونٹی لیٹر پر نہیں ہے۔ اس وقت ملک کے باقی حصوں میں 368 مریض ونٹی لیٹرز پر ہیں۔

کورونا کے کیسز کے تعداد کے حوالے سے بھی پنجاب سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں اب تک 45 ہزار 463 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔۔ سندھ میں اب تک 43 ہزار 790 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ خیبر پختونخوا میں یہ تعداد 15 ہزار 206، بلوچستان میں سات ہزار 335، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 488 اور گلگلت بلتستان میں ایک ہزار 18 ہے۔
پاکستان میں اب تک 38 ہزار 391 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں اب تک 841 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ سندھ میں کورونا سے اموات کی تعداد 738، خیبر پختونخوا میں 619، بلوچستان میں 73، اسلام آباد میں 62، گلگت بلتستان میں 14 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں اب تک نو اموات ہو چکی ہیں۔
