کورونا کے نئے کیسز، 53 فیصد سعودی اور47 فیصد غیرملکی
کورونا کے نئے کیسز، 53 فیصد سعودی اور47 فیصد غیرملکی
ہفتہ 13 جون 2020 5:48
ڈاکٹروں کے مطابق سعودی عرب کا صحت نظام مضبوط ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ جمعہ 12 جون کو نئے کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز میں سے 53 فیصد کا تعلق سعودی شہریوں اور 47 فیصد کا غیرملکیوں سے ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت نے نئے مصدقہ کیسز کے حوالے سے بتایا کہ ان میں 66 فیصد مرد اور 34 فیصد خواتین ہیں جبکہ متاثرین میں 5 فیصد کا تعلق معمر افراد، 10 فیصد کا بچوں اور 85 فیصد نوجوان ہیں۔
وزارت صحت نے بیان میں مزید کہا کہ جمعے کو کووڈ 19 کے نازک کیسز 1820 تک پہنچ گئے ہیں جبکہ وائرس سے متاثر دیگر مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے۔
یاد رہے کہ جمعے کو 3921 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس سے متاثرین کی کل تعداد ایک لاکھ 20 ہزار کے لگ بھگ ہوگئی ہے۔ وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 81 ہزار سے زیادہ ہے جبکہ اور ایکٹیو کیسز 38 ہزار تک محدود ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مکہ مکرمہ میں مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد جمعرات کی طرح جمعے کو بھی کم رہی- دو دن سے مکہ میں وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2 ریکارڈ کی جارہی ہے جبکہ اس سے قبل دس افراد ہلاک ہو رہے تھے۔
دریں اثنا سعودی ڈاکٹر عبداللہ المحیا نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آ’ئندہ مرحلے میں کورونا سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ کورونا ٹیسٹ کا دائرہ وسیع کرنے کی وجہ سے ایسا ہو سکتا ہے تاہم یہ اضافہ تشویش ناک نہیں کیونکہ سعودی عرب کا صحت نظام مضبوط ہے۔
مکہ میں مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد کم ہو رہی ہے (فوٹو سبق)
الاخباریہ نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ ایام میں کورونا کے نئے کیسز میں اضافہ مقامی شہریوں اور غیر ملیکیوں کے ایک طبقے کی جانب سے حفاظتی تدابیر نظر انداز کرنے کی وجہ سے ہوا ہے۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ موسم گرما کے دوران وائرس کی منتقلی اور تنفس کے امراض کم ہوجائیں گے۔