انڈیا کے زیر انتظام علاقے لداخ کی وادی گالوان میں انڈیا اور چین کے فوجیوں کے درمیان سرحد پر جھڑپ ہوئی ہے۔
انڈین ذرائع ابلاغ اور خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کی شب انڈین فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے دونوں فوجوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں زخمی ہونے والے مزید 17 انڈین فوجی ہلاک ہوگئے ہیں جس سے ہلاکتوں کی کل تعداد 20 ہوگئی ہے۔
چین اور انڈیا کے درمیان سرحد پر کم از کم تین مقامات پر تقریباً ایک ماہ سے کشیدہ صورت حال تھی۔
قبل ازین انڈیا کی جانب سے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا تھا کہ انڈین اور چینی فوجیوں کے درمیان جھڑپ کے نیتجے میں ایک کرنل سمیت تین فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
سرکاری بیان میں کہا گیا تھا کہ تصادم وادی گالوان کی سرحد پر فوجیوں کی واپسی کے دوران ہوا ہے۔ انڈین فوج نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ کہ پیر کو لداخ میں انڈیا چین سرحد پر واقع وادی گالوان میں دونوں ممالک کی فوج کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی جس میں انڈیا کے ایک آرمی افسر اور دو فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔
دوسری جانب چین نے انڈیا پر متنازعے سرحد کو پار کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
مزید پڑھیں
-
سرحدی تنازع، ٹرمپ کی چین اور انڈیا کو ثالثی کی پیشکشNode ID: 481451
-
چینی و انڈین عسکری حکام کی ملاقات ہوگیNode ID: 483356
-
انڈیا، چین سرحدی تنازع ’پرامن طریقے سے حل‘ کرنے پر رضامندNode ID: 483621
اے ایف پی اور انڈین ذرائع ابلاغ نے کہا تھا کہ جھڑپ میں ہلاک ہونے والے آرمی افسر کرنل رینک کے تھے۔
علاقے میں تعینات ایک انڈین فوجی افسر نے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ علاقے میں فائرنگ نہیں ہو رہی اور یہ کہ ہلاک ہونے والا انڈین افسر کرنل رینک کا تھا۔
انڈین آرمی ہیڈ کوارٹر کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان کے مطابق سرحدی کشیدگی کو حل کرنے کے لیے فی الحال دونوں ممالک کے سینیئر فوجی افسران کے درمیان ملاقات ہو رہی ہے۔
اس سے قبل کئی دنوں سے ممالک کے درمیان فوجی سطح پر کئی بار بات ہوئی ہے لیکن کوئی حل نہیں نکلا ہے۔ اس سے قبل انڈیا نے کہا تھا کہ دونوں ممالک نے فوجیوں کی سرحد پر اپنی تعیناتی کم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
انڈین آرمی نے منگل کو کہا ہے کہ اس کے فوجی چینی سرحد پر ایک پرتشدد جھڑپ میں مارے گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ جھڑپ دونوں اطراف کی جانب سے علاقے میں اضافی فوجیوں کی تعیناتی اور کئی ہفتوں سے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد ہوئی ہے۔
دوسری جانب چین نے منگل کو انڈیا پر متنازع سرحد کو پار کرنے کا الزام عائد کیا ہے