سعودی طالبہ نے کورونا متاثرین کی خدمت کو اپنا شعار بنالیا۔(فوٹو سبق)
سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں شعبہ طب کے چوتھے سال کی طالبہ لجین الحازمی نے موجودہ حالات میں کورونا متاثرین کی خدمت کو اپنا شعار بنالیا۔
رضاکارانہ کورونا متاثرین کی خدمت کے لیے خود کو پیش کرنے والی لجین الحازمی کا کہنا ہے کہ ’اس مشکل گھڑی میں ہمیں مل کر دکھی انسانیت کی مدد کرنا چاہئے تاکہ وطن عزیز ان حالات سے جلد از جلد نکل سکے۔‘
ویب نیوز ’سبق‘ نے لجین الحازمی کے حوالے سے بتایا کہ مدینہ منورہ میں شعبہ طب کی طالبہ نے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا کہ وہ رضاکارانہ کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی خدمت کرکے انہیں ان مشکل حالات سے نکالنے میں تعاون کرے گی,
اپنے اس فیصلے کے بارے میں لجین کا کہنا تھا کہ ’رضاکارکے طور پرمشکل وقت میں اپنی خدمات ان مریضوں کے لیے وقف کردی ہیں جنہیں کورونا وائرس کی وجہ سے آئسولیٹ کیا گیا ہے۔ بطور معاون معالج ان مریضوں کی جسمانی صحت کا جائزہ لیکر یومیہ رپورٹ مرتب کرتی ہوں‘۔
لجین کا کہنا تھا کہ ’ اپنے اہل خانہ کو اس مہلک وبائی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے خود کو کام کی جگہ تک محدود کرلیا ہے۔ طبی مرکز سے باہر نہیں نکلتی تاکہ میرے اہل خانہ بھی محفوظ رہیں۔‘
طالبہ کا کہنا تھا کہ’ مجھے کورونا کے مریضوں کی خدمت کرکے قلبی سکون ملتا ہے۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزارت صحت کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے اس کار خیر کی اجازت دیتے ہوئے مجھے اس لائق سمجھا کہ میں ان حالات میں اپنا حصہ شامل کرتے ہوئے رضاکارانہ طور پر یہ خدمت انجام دے سکوں‘۔
رضاکارطالبہ کی جانب سے شکریہ کے پیغام کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جسے ہر جانب سے سراہا جارہا ہے۔
ریجنل امور صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد الخلاوی نے وڈیو پرکمنٹ کرتے ہوئے کہا ’ شکریہ لجین ، وطن کو آپ پر فخر ہے۔‘
بعض لوگوں نے لجین کو ’ رضاکاروں کی امتیازی علامت ‘ سے تعبیر کرتے ہوئے ان کے جذبہ خدمت کو شاندار الفاظ میں سراہا ہے۔