متعدد شہروں میں ’ڈرائیو ان‘ کورونا ٹیسٹ کی سہولت
ریاض میں ’ڈرائیوان‘ ٹیسٹ کی سہولت تین مراکز میں فراہم کیا جا رہا ہے۔ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت صحت نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ‘ڈرائیو ان‘ (گاڑی میں بیٹھے) کورونا ٹیسٹ کی سہولت مہیا کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’صحت نامی ایپلی کیشن کے ذریعے کورونا ٹیسٹ کے لیے پیشگی وقت لیا جاسکتا ہے۔‘
وزارت نے ’ڈرائیو ان‘ کورونا ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرنے والے متعدد مراکز مختلف شہروں میں قائم کیے ہیں۔
وزارت کے مطابق ایپلی کیشن میں رجسٹریشن کے بعد شہری و غیر ملکی کو اپنی صحت کے متعلق چند سوالات کے جوابات دینے ہوں گے۔
’بعد ازاں اسے قریب ترین مرکز سے رجوع کرنے کے لیے وقت دیا جائے گا، طے شدہ وقت پر وہ مرکز میں پہنچ کر گاڑی میں بیٹھے ٹیسٹ دے سکتا ہے۔‘
وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’ریاض میں یہ سہولت فراہم کرنے والے تین مراکز ہیں جو الملز، ایئرپورٹ گیٹ اور درعیہ میں ہیں‘۔
وزارت صحت کے بیان کے مطابق الملز میں قائم مرکز میں روزانہ سات ہزار افراد کا کورونا ٹیسٹ لیا جاسکتا ہے، یہ مرکز صبح 9 بجے سے رات 12 بجے تک کام کرتا ہے۔
’شہری سے شناختی کارڈ اور غیر ملکی سے اقامہ اور کوائف لینے کے بعد ٹیسٹ لیا جاتا ہے جس کا رزلٹ ای ایم ایس کے ذریعہ موصول ہوگا‘۔
-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں