Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انڈیا کی مدد کو تیار، وزیراعلی سندھ کو ملنے سے انکار؟‘

کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد عمران خان کا یہ پہلا دورہ سندھ تھا (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورہ کراچی پر سیاسی حلقوں کی جانب سے چہ میگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ انہوں نے اپنے دورے کے دوران سندھ کے وزیراعلی مراد علی شاہ سے ملاقات کیوں نہیں کی؟
عمران خان منگل کو دو روزہ دورے پر کراچی پہنچے تھے۔ کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد یہ عمران خان کا پہلا دورہ سندھ تھا اس لیے سیاسی حلقوں کی جانب سے یہ خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کریں گے اور کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے مشاورت کے بعد مؤثر حکمت عملی پر اتفاق رائے کیا جائے گا۔
کراچی آمد کے بعد عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل، تاجروں اور صنعت کاروں کے وفود سے تو ملاقاتیں کیں مگر وزیراعلیٰ سندھ سے ان کی ملاقات شیڈول ہی نہیں تھی۔

کراچی آمد کے بعد عمران خان نے گورنر سندھ عمران اسماعیل، تاجروں اور صنعت کاروں کے وفود سے تو ملاقاتیں کیں (فوٹو:اے پی پی)

مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد حسین سید نے جمعرات کو اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کے مراد علی شاہ سے ملاقات نہ کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ 'وزیراعظم نے انڈیا کو احساس پروگرام کا طریقہ کار شیئر کرنے کی پیشکش کی ہے۔'
انہوں نے سوالیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ 'پاکستان کے وزیراعظم مودی کے انڈیا کی مدد کے لیے تو تیار ہیں مگر انہوں نے اپنے دورے کے دوران سندھ کے وزیراعلی مراد علی شاہ کو مدعو کرنے اور ان سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا؟'

مشاہد حسین کی اس ٹویٹ پر پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے لکھا کہ 'اچھا نکتہ ہے۔'
اقوام متحدہ میں پاکستان کی سابق مستقل مندوب ملیحہ لودھی بھی مشاہد حسین کی بات سے متفق دکھائی دیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے انڈیا کو مدد اور پاکستان کے احساس کیش ٹرانسفر پروگرام کے تبادلے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس پروگرام کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔

شیئر: