جون کے ابتدائی 15 ایام کے دوران حائل، الجوف اور حدود شمالیہ میں 3.7 ہزار ہیکٹر کا رقبہ ٹڈی دل سے صاف کرایا گیا۔ علاوہ ازیں ریاض، عسیر، باحہ اور نجران کے کئی علاقوں کو بھی ٹڈی دل سے صاف کیا گیا ہے۔
وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے توقع ظاہر کی ہے کہ مملکت کے بیشتر علاقوں کو صحرائی ٹڈی دل سےصاف کردیا جائے گا۔ کوشش یہ ہے کہ ٹڈی دل کا اس افزائش کے مرحلے سے قبل ہی اس کا خاتمہ کردیا جائے۔
وزارت زراعت نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ماہ رواں جون کے آخر تک ٹڈی دل کی آفت سے مکمل طور پرنجات حاصل کرلی جائے گی۔ اس حوالے سے اس خدشے کو بھی مدنظر رکھا جارہا ہے کہ پڑوسی ممالک سے سعودی عرب کی طرف ٹڈی دل کی یلغار نہ ہو۔
بیان میں کہا گیا کہ کوشش یہ بھی ہے کہ مملکت کے متاثرہ علاقوں میں ٹڈی دل کو اپنی نسل کی افزائش کا موقع نہ دیا جائے تاہم اگر ٹڈی دل کو نسلی افزائش کا موقع مل گیا یا پڑوسی ملک سے ٹڈی دل کا طوفان مملکت پہنچ گیا تو ایسی صورت میں اس کا خاتمہ جولائی کے آخر تک ہی ممکن ہوسکے گا۔
یاد رہے کہ سعودی وزارت ماحولیات نے فصلوں اور شہروں کو ٹڈی دل حملوں سے محفوظ رکھنے کےلیے جامع منصوبہ بندی کی ہے اور جدید ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔