Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مفتی نعیم انتقال کر گئے

مفتی نعیم کافی عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے (فوٹو: سوشل میڈیا)
جامعہ بنوریہ کراچی کے مہتمم اور ممتاز عالم دین مفتی نعیم ہفتے کی شام حرکتِ قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے، ان کے رفقا کے مطابق مفتی نعیم کافی عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور ان کا بائی پاس بھی ہو چکا تھا۔
مفتی نعیم کے صاحبزادے مفتی نعمان کے مطابق ان کے والد کا انتقال ہسپتال لے جاتے ہوئے ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کو کافی عرصے سے دل کے عارضہ لاحق تھا اور ان کا آپریشن بھی ہو چکا تھا۔ ہفتے کی شام طبیعت بگڑنے پر انہیں آغا خان ہسپتال لے جایا جا رہا تھا لیکن وہ راستے میں ہی انتقال کر گئے۔

 

 مفتی نعیم کے قریبی ساتھی مفتی عبدالرزاق نے اردو نیوز کو بتایا کہ مفتی صاحب کا انتقال ہفتے کی رات 9 بجے کے قریب ہوا اور اس وقت ان کی میت جامعہ بنوریہ میں ان کے گھر پر رکھی گئی ہے۔
مفتی نعیم کی نماز جنازہ اتوار کو نماز عصر کے بعد جامعہ بنوریہ العالمیہ سائٹ کراچی میں ادا کی جائے گی۔ ان کی تدفین جامعہ کے مخصوص احاطے میں کی جائے گی۔
مفتی نعیم نے 1979 میں کراچی کے علاقے سائٹ میں دینی مدرسے کی بنیاد رکھی تھی جس درس گاہ نے نہایت قلیل مدت میں عالمی شہرت حاصل کی اور جامعہ کا درجہ حاصل کیا۔ دنیا کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں طلبہ ہر سال یہاں تعلیم کی غرض سے آتے ہیں۔
جامعہ بنوریہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان سے منسلک ہے اور یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ کو جو اسناد دی جاتی ہیں وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے منظور شدہ اور یونیورسٹی ڈگری کے برابر ہوتی ہیں۔

شیئر: