میونسپلٹی کے اہلکار تفتیشی دورے کرکے قواعدوضوابط کی پابندی کرا رہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں حفاظتی تدابیر کے ساتھ بیشر باربر شاپس اور بیوٹی پالرز کھل گئے ہیں تاہم کچھ شاپس حفاظتی انتظامات مکمل نہ ہونے کے باعث نہ کھل سکیں۔
تبوک ریجن اور دیگر علاقوں میں اتوار 21 جون کو درجنوں باربر شاپس اور بیوٹی پارلرز سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ بحال کر دیے گئے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق تبوک میونسپلٹی نے بتایا کہ تبوک بھر میں 1187 باربر شاپس، 163 بیوٹی پارلرز اور 250 ٹیلرنگ شاپس ہیں۔
میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ تبوک میں 20766 سے زیادہ تجارتی مراکز کھل گئے ہیں۔ میونسپلٹی کے اہلکار تفتیشی دورے کرکے قواعدوضوابط کی پابندی کرا رہے ہیں۔
تبوک میونسپلٹی نے بتایا کہ تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے جو ضوابط مقرر کیے گئے تھے مشاہدے میں آیا ہے کہ تجارتی مراکز، ان کے کارکن اور گاہک حفاظتی تدابیر کی پابندی کر رہے ہیں۔
عوامی مقامات پر ماسک اور دستانوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ تجارتی مراکز کے دروازوں پر درجہ حرارت چیک کیا جارہا ہے۔ گاہکوں کے درمیان فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے فاصلے کی علامتیں لگی ہوئی ہیں۔ سینیٹائزر مہیا ہیں جبکہ منتظمین تجارتی مراکز کو سینیٹائز کرنے کا بھی اہتمام کر رہے ہیں۔
تبوک میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ وزارت بلدیات و دیہی امور کی ہدایت پر قہوہ خانوں میں شیشے پر پابندی برقرار ہے۔ ریستورانوں اور تجارتی مراکز میں بچوں کے تفریحی مرکز پر بندش برقرار ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مشرقی ریجن کی میونسپلٹی نے قطیف کمشنری میں حفاظتی تدابیر کی پابندی نہ کرنے پر تین باربر شاپس بند کر دیں۔ خلاف ورزی کا علم تفتیشی دورے کے موقع پر ہوا تھا-
یاد رہے کہ مملکت بھر میں مارچ سے بند باربر شاپس پہلی بار کھولی گئی ہیں۔