Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ محمود قریشی کا سعودی ہم منصب سے رابطہ

دونوں رہنماؤں نے انڈیا کے زیرانتظام جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا (فوٹو:پاکستان وزارت خارجہ)
پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال، دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
پیر کو پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی عرب کے مابین گہرے تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور کثیر الجہتی تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے مابین متعدد شعبوں میں سٹرجیک شراکت داری میں اضافہ خوش آئند ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے سعودی حکومت کی جانب سے اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے گئے بروقت اقدامات کو سراہا۔
شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصب کو بتایا کہ پاکستان اپنے محدود وسائل کے باوجود اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور معاشی بحران سے نمٹنے کے لیے تمام ممکنہ اقدام اٹھا رہا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے بھی پاکستان کی طرف سے کورونا وبا کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ 

شاہ محمود قریشی نے سعودی حکومت کی جانب سے اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے گئے بروقت اقدامات کو سراہا (فوٹو:اے ایف پی)

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب کو انڈیا کے زیرانتظام جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نہتے کشمیری کرونا وبا کے باعث دوہرا لاک ڈاؤن برداشت کر رہے ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے انڈیا کے زیرانتظام جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 80 لاکھ مظلوم کشمیریوں کو ظلم سے نجات دلانے کے لیے عالمی برادری بالخصوص مسلم امہ کو فوری طور پر اس صورت حال کا نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے سعودی فرمانروا اور سعودی ولی عہد کی جانب سے طیارہ حادثہ کے حوالے سے تعزیتی پیغام اور اظہار ہمدردی پر سعودی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔

شیئر: