Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوکیو کے رہائشی اولمپکس کے انعقاد کے مخالف

ٹوکیو اولمپکس 23 جولائی سے 8 اگست 2021 تک منعقد ہونے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے آدھے سے زائد رہائشی کورونا وائرس کے خدشے کی وجہ سے آئندہ برس اولمپکس کا انعقاد نہیں چاہتے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے پیر کے روز شائع ہونے والے رائے عامہ کے ایک جائزے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹوکیو کے زیادہ تر شہری یا تو اولمپکس کو مزید موخر کرنے کے حق میں ہیں یا وہ یہ چاہتے ہیں کہ یہ ایونٹ منسوخ ہو جائے۔
رائے عامہ کا جائزہ جاپانی میڈیا کے دو اداروں نے صرف ایک ہی نکتے یعنی اولمپکس کے انعقاد پر کیا تھا جو طبی ماہرین کی اس تنبیہہ کے بعد کیا گیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ان کھیلوں کے انعقاد میں ایک سال کی تاخیر بھی کافی نہیں ہوگی۔
گذشتہ ہفتے کے آخر میں کیے گئے پول میں 51 اعشاریہ 7 فیصد افراد نے رائے دی ہے کہ اولمپکس 2021 سے بھی مزید تاخیر کا شکار ہو جائیں یا پھر منسوخ ہو جائیں جبکہ 46 اعشاریہ 3 فیصد افراد نے ترمیم شدہ شیڈول کے مطابق 2021 میں ایونٹ کرانے میں دلچسپی ظاہر کی۔
پول میں جن افراد نے 2021 میں اولمپکس کرانے کی مخالفت کی ان میں سے 27 اعشاریہ 7 فیصد افراد اس ایونٹ کی مکمل منسوخی چاہتے ہیں جبکہ 24 فیصد افراد کی یہ خواہش ہے کہ ان کھیلوں کا انعقاد ایک بار پھر موخر ہو جائے۔
میڈیا اداروں 'کائیدو نیوز' اور 'ٹوکیو ایم ایکس' کی جانب سے 26 سے 28 جون کے درمیان کرائے گئے ٹیلی فونک پول میں ایک ہزار 30 افراد نے حصہ لیا۔
پول میں جن افراد نے یہ رائے دی کہ اولمپکس کا انعقاد آئندہ برس ہونا چاہیے ان میں سے 31 اعشاریہ ایک فیصد افراد کا کہنا تھا کہ ان کھیلوں کو مختصر کر کے تماشائیوں کے بغیر منعقد کیا جائے جبکہ 15 اعشاریہ 2 فیصد افراد مکمل ایونٹ کرانے کے حق میں تھے۔  

31.1 فیصد افراد نے تماشائیوں کے بغیر اولمپکس منعقد کرنے کی رائے دی (فوٹو: اے ایف پی)

یاد رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے مارچ میں رواں برس ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس کو موخر کر دیا گیا تھا۔ یہ گیمز 24 جولائی سے 9 اگست 2020 تک منعقد ہونا تھیں۔ اس سے قبل دوسری عالمی جنگ کے دوران اولمپکس کے دو ایڈیشنز کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔  
ٹوکیو اولمپکس اب نئے شیڈول کے مطابق 23 جولائی سے 8 اگست 2021 تک منعقد ہونے ہیں۔ جاپانی حکام اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے خبردار کیا ہے کہ گیمز کو دوبارہ موخر کرنا ممکن نہیں ہوگا اور ایک برس کی تاخیر سے پہلے ہی بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔    
5 جولائی کو ٹوکیو کے گورنر کے انتخابات سے پہلے کرائے گئے ایک پول میں موجودہ گورنر یوریکو کوئکے کو اپنے حریفوں کے خلاف واضح سبقت حاصل ہے۔

پول میں 27.7 فیصد افراد نے گیمز کو مکمل منسوخ کرنے کی خواہش ظاہر کی (فوٹو: روئٹرز)

ان کی برتری کی تعداد کو واضح نہیں کیا گیا کیونکہ الیکشن سے قبل پولنگ کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے جاتے۔
واضح رہے کہ گورنر ٹوکیو یوریکو کوئکے کا اولمپکس کے انعقاد کی تیاریوں میں بہت زیادہ عمل دخل رہا ہے اور انہوں نے ریوڈی جنیرو برازیل میں ٹوکیو اولمپکس کے لیے پرچم حوالے کرنے کی تقریب میں بھی شرکت کی تھی۔
رواں ماہ کے آغاز میں انہوں نے کہا تھا کہ وبا کے باوجود ٹوکیو اولمپکس محفوظ ہوں گے اور ان کی '120' فیصد یہ کوشش ہوگی کہ موخر شدہ گیمز کا نئے شیڈول کے مطابق انعقاد ہو۔  

شیئر:

متعلقہ خبریں