Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے ایک لاکھ سے زائد صحت یاب

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں انتظامیہ نے چار سیکٹرز میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں دو لاکھ 13 ہزار سے زائد افراد میں اب تک کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور حکام کے مطابق ان میں سے ایک لاکھ 802 افراد صحت یاب ہو گئے ہیں۔
بدھ کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 22 ہزار 418 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے چار ہزار 133 مثبت آئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق پاکستان میں اس وقت ایک لاکھ آٹھ ہزار 273 ایکٹیو کیسز ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 91 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد اموات کی تعداد چار ہزار 395 ہو گئی ہے۔
ملک کے کئی بڑے شہروں میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مخصوص علاقوں میں لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کو سمارٹ لاک ڈاؤن کا نام دیا گیا ہے۔
کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے بعض علاقوں میں وائرس کے پھیلاؤ بڑھنے پر علاقہ مکینوں کی نقل وحرکت محدود کی گئی ہے۔
صوبہ پنجاب میں ہلاکتیں ایک ہزار 762 تک پہنچ گئی ہیں جبکہ سندھ میں اب تک ایک ہزار 377 اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا سے مرنے والے مریضوں کی تعداد 951 ہے اور بلوچستان میں اب تک 121 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ 
وفاقی دارالحکومت میں 128 افراد عالمی وبا کا شکار ہونے کے بعد موت کے منہ میں گئے۔ گلگت بلتستان میں اب تک 26 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جبکہ پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں اموات کی تعداد 30 ہے۔
ملک بھر میں 768 ہسپتال کورونا کے مریضوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں جن میں پانچ ہزار سے زائد وائرس سے متاثرہ افراد زیرعلاج ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ملک بھر میں ایک ہزار 562 وینٹیلیٹرز کورونا کے مریضوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں جبکہ 491 مریض اس وقت وینٹیلیٹرز پر ہیں۔
گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں کوئی بھی مریض وینٹیلیٹر پر نہیں۔

شیئر: