Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عامر خان کے سٹاف کا کورونا ٹیسٹ مثبت

عامر خان کی والدہ کا کورونا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے۔ (تصویر: اے ایف ہی )
بالی وڈ اداکار عامر خان کے سٹاف میں سے کچھ افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ عامر خان خود اور ان کے اہل خانہ بالکل محفوظ ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر عامر خان نے لکھا کہ ’میں آپ سب کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میرے سٹاف کے کچھ ممبران کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے اور ان تمام افراد نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔‘
عامر خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ بی ایم سی حکام کے نہایت شکر گزار ہیں، جنہوں نے کورونا میں مبتلا ان کے سٹاف ممبرز کو فوری طور پر میڈیکل کی بنیادی سہولیات فراہم کیں۔

عامر خان نے یہ بھی بتایا کہ ان کا اور اہل خانہ کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹ میں اداکار نے مزید لکھا تھا کہ وہ ابھی اپنی والدہ کو ہسپتال لے کر جا رہے ہیں جہاں اُن کا کورونا ٹیسٹ کیا جائے گا، صرف والدہ کا کورونا ٹیسٹ ہونے سے رہ گیا ہے، انہوں نے اپنے مداحوں سے والدہ کی رپورٹ منفی آنے کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔
تاہم بعد میں انہوں نے ٹوئٹر پر نہ صرف والدہ کے کورونا ٹیسٹ منفی ہونے کی خبر دی بلکہ مداحوں کا دعاوں میں یاد رکھنے کے لیے شکریہ بھی ادا کیا۔

عامر خان نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’آپ سب کو میرا سلام، میں بہت خوشی اور اطمینان کے ساتھ آپ کو آگاہ کر رہا ہوں کہ امی کا کورونا وائرس ٹیسٹ نیگیٹو آیا ہے۔ آپ سب کا شکریہ کہ آپ نے دعائیں دیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔‘

شیئر: