Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عامر خان کے ساتھی اداکار سبزی فروش بن گئے

بالی وڈ سٹار عامر خان کے ساتھ فلم ’غلام‘ میں کام کرنے والے انڈین اداکار جاوید حیدر کی سبزیاں فروخت کرتے ہوئے ویڈیوز سامنے آئیں تو ان کی صورتحال پر سوشل میڈیا صارفین نے کہیں افسوس کا اظہار کیا تو کہیں اسے عمدہ کوشش قرار دیا۔
جاوید حیدر کی یہ ویڈیوز ایک ایسے وقت میں سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں جب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں شامل انڈیا میں وبا نے بہت لوگوں کو مالی طور پر بھی شدید مشکلات کا شکار کیا ہے۔
انڈیا میں شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد بھی وبائی صورتحال سے متاثر ہونے کے بعد مختلف روپ میں سامنے آئے تو سوشل میڈیا صارفین ان کا ماضی اور خدمات یاد کرتے ہوئے موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے رہے۔
بالی وڈ اداکارہ ڈولی بندرا نے جاوید حیدر کی سبزی فروخت کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی تو ساتھ لکھا ’وہ اداکار ہیں، آج وہ سبزی بیچ رہے ہیں۔‘
ایک الگ پیغام میں جاوید حیدر کے بالی وڈ کیریئر کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ فلم ’بابر‘ سمیت متعدد فلموں اور ٹیلی ویژن سیریز میں کام کر چکے ہیں۔ دیگر صارفین نے بھی ان کا ذکر کیا تو لکھا کہ وہ چائلڈ ایکٹر تھے اور غلام اور چاندنی نامی فلمیں بھی کر چکے ہیں۔
سوشل میڈیا صارف اشا پڈیار نے لکھا ’ابھی بھی اس کی اداکاری ایسی ہی ہے۔ لائف کی ایسی کی تیسی، اچھا طرزعمل ہے۔ شاباش جاوید بھائی۔‘

جاوید حیدر کی خراب حالی پر کچھ صارفین نے افسوس کا اظہار کیا تو کچھ ایسے بھی تھے جنہوں نے معاملے کا ذرا مختلف رخ دیکھا۔ نریش وگھماری نامی صارف نے لکھا ’تو کیا ہوا، کیا یہ کوئی بڑی بات ہے؟ گزربسر کے لیے انسان کچھ بھی کرتا ہے، ماسوائے چوری اور دھوکہ دہی کے۔‘

بھاگونتی موہن نے اپنے تبصرے میں لکھا ’سبزی فروخت کرنے میں کیا غلط ہے۔ ہمیں ہر طرح کے کام اور ملازمت کا احترام کرنا چاہیے۔‘

جاوید حیدر کی ویڈیو ٹک ٹاک کے لیے بنائی گئی جس میں وہ ایک گانے ’دنیا میں رہنا ہے تو کام کر پیارے‘ پر لپسنگ کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر ایک لاکھ سے زائد فالوورز ہیں اور ویڈیو کو 17 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جا چکا ہے۔ جاوید اختر کی حالیہ وائرل ویڈیو سبزی فروخت کرتے ہوئے ان کی پہلی ویڈیو نہیں بلکہ وہ اس سے قبل بھی ایسی ہی متعدد ویڈیوز بنا چکے ہیں۔

شیئر: