بچوں کے باربر شاپس اور ریستورانوں میں پلے ایئریا کھولنے کی اجازت
جمعرات 2 جولائی 2020 10:11
’ریستورانوں کو بوفے پیش کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے‘ ( فوٹو: الوئام)
جدہ میونسپلٹی نے بچوں کے باربر شاپس اور ریستورانوں میں پلے ایئریا کھولنے کی اجازت دیدی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق میونسپلٹی نے ریستورانوں میں پلے ایئریا کھولنے کے لیے یہ شرط عائد کی ہے اس میں اتنی گنجائش ہو کہ سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جاسکے۔
جدہ میونسپلٹی کے سیکریٹری انجینئر محمد بن ابراہیم الزہرانی نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ’21 جون کو کرفیو اٹھانے اور معمولا ت زندگی بحال کرنے کے فیصلے کے تحت بلدیہ نے اب 7 سال سے کم عمر کے بچوں کے باربر شاپس اور ریستورانوں میں پلے ایئریا بھی کھولنے کی اجازت دی ہے‘۔
’دونوں اجازت نامے طے شدہ ضوابط اور مقررہ حفاظتی تدابیر سے مشروط ہیں، باربر شاپس اور ریستورانوں کی انتظامیہ سماجی فاصلہ، ماسک اور سینیٹائز وغیرہ کی پابند ہوگی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’اس کے ساتھ ریستورانوں کو بوفے کی اجازت دی گئی ہے بشرطیکہ کھانا پیش کرنے کے لیے کسی ایک شخص کو مقرر کیا جائے گا‘۔
’بوفے میں کوئی چیز مشترکہ استعمال کے لیے نہیں ہوگی جیسے کھانا نکالنے کے چمچے و غیرہ نیز سماجی فاصلے کے علاوہ حفاظتی تدابیر کو یقینی بنایا جائے گا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’تفتیشی ٹیمیں ایس او پیز کو یقینی بنانے کے لیے دورے کرتی رہا کریں گی۔ ریستورانوں اور باربر شاپس میں داخل ہونے سے پہلے گاہکوں کے جسم کا درجہ حرارت چیک کرنا ضروری ہے‘۔