امریکہ میں 60 ہزار نئے کیسز، دنیا میں 5 لاکھ 44 ہزار ہلاکتیں
امریکہ میں 60 ہزار نئے کیسز، دنیا میں 5 لاکھ 44 ہزار ہلاکتیں
بدھ 8 جولائی 2020 13:53
امریکہ میں اب تک ایک لاکھ 31 ہزار 480 افراد ہلاک ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کورونا وائرس سے دنیا کا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وبا سے 60 ہزار 209 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ یہ امریکہ میں وائرس سے ایک دن میں متاثر ہونے والوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 29 لاکھ 96 ہزار 98 ہو گئی ہے۔ ملک میں اب تک ایک لاکھ 31 ہزار 480 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک ایک کروڑ 18 لاکھ 39 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 5 لاکھ 44 ہزار 415 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
امریکہ کے بعد برازیل وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں مریضوں کی تعداد 16 لاکھ 68 ہزار 589 ہو چکی ہے جبکہ 66 ہزار 471 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
کورونا سے تیسرا سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک انڈیا ہے جہاں کیسز کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
انڈیا میں وبا سے ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار 642 ہو چکی ہے جبکہ ملک میں 7 لاکھ 42 ہزار 417 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔
روس اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے جہاں اس وبا سے 6 لاکھ 93 ہزار 215 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ملک میں وبا سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار 478 ہے۔
لاطینی امریکہ کے ملک پیرو میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 9 ہزار 278 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 10 ہزار 952 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
لاطینی امریکہ کے ہی ایک اور ملک چلی میں وبا سے اب تک تین لاکھ ایک ہزار سے زائد افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ چھ ہزار 434 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق برطانیہ کورونا وائرس کی وبا سے متاثر ہونے والے ممالک میں ساتویں نمبر پر ہے۔ برطانیہ میں دو لاکھ 87 ہزار 880 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ 44 ہزار 476 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔