Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین: کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلے منسوخ

اس سال چین میں صرف بیجنگ ونٹر اولمپکس کے ٹرائلز ہوں گے (فوٹو: اے ایف پی)
چین میں گذشتہ سال شروع ہونے والی کورونا وائرس کی عالمی وبا نے جہاں زندگی کے دیگر شعبوں کو متاثر کیا ہے وہیں کھیلوں کی سرگرمیاں بھی اس سے محفوظ نہ رہ سکیں۔
اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے اولمپکس، ومبلڈن ٹینس، آئی پی ایل اور پی ایس ایل کے سیمی فائنلز اور فائنل سمیت کئی عالمی مقابلے یا تو ملتوی ہوگئے ہیں یا منسوخ کیے جا چکے ہیں اور کئی ایسے ایونٹس ہیں جن پر خطرات کے بادل منڈلا رہے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق چین نے کورونا وائرس کی وجہ سے رواں برس ملک میں ہونے والے کھیلوں کے تمام بین الاقوامی ایونٹس منسوخ کر دیے ہیں۔
اس سال چین میں صرف بیجنگ ونٹر اولمپکس 2022 کے لیے ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا۔
چین کی کھیلوں کی جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جمعرات کو شائع ہونے والی ایک دستاویز میں کہا گیا ہے کہ 'بیرون ملک موجود کھلاڑی اور کوچز کو 'فوری طور پر ملک واپس آنے کی ضرورت نہیں ہے۔'
'اگر وہ واپس آتے ہیں تو انہیں وبا سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کرنا ہو گا۔'
جنرل ایڈمنسٹریشن نے کھیلوں کے منتظمین اور لیگز کو ہدایت کی ہے کہ وہ بیرون ملک سے ریفریز کو مدعو نہ کریں، اور  چودہویں چائنیز نیشنل ونٹر گیمز اور چھٹی ایشیئن بیچ گیمز کی تیاری کریں۔

چینی کھلاڑیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ونٹر اولمپکس کی تیاری کریں (فوٹو: اے ایف پی)

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق شنگھائی سپورٹس اتھارٹی نے حال ہی میں کہا تھا کہ اسے رواں سال دو فارمولا ون کرانے کی پیش کش کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ورلڈ ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے) کے کیلنڈر کے مطابق رواں برس چین میں ٹینس کے کئی بین الاقوامی مقابلے بھی منعقد ہونا تھے۔
جان ہاپکنز یونیورسٹی امریکہ کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے اب تک 85 ہزار کے قریب افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ملک میں 4 ہزار 641 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

شیئر:

متعلقہ خبریں