دو ہفتے کے لیے کرفیو نافذ کیا جائے گا۔(فوٹو اے ایف پی)
فلسطینی حکومت نے کووڈ 19 کے کیسز میں مسلسل اضافے کےباعث اتوار کو مقبوضہ مغربی کنارے میں کرفیو لگایا ہے۔ سفری پابندیوں کو سخت کردیا گیا۔
عرب نیوز کے مطابق الخلیل، بیت لحم، رام اللہ اور نابلس کو چار دن کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ تمام گورنریٹ کے درمیان سفر پر دو ہفتے تک پابندی رہے گی۔
حکو متی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لیے رات آٹھ سے صبح چھ بجے تک دو ہفتے کے لیے کرفیو نافذ رہے گا۔
احتیاطی اقدامات کے تحت تمام شہر ، دیہات اور پناہ گزین کیمپ جہاں کووڈ 19 کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں لاک ڈاون کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ فلسطینی علاقوں میں 7 ہزارسے زائد کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔اب تک 37 افراد ہلاک ہوچکے۔
وزارت صحت کے مطابق اتوار کو 349 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے نصف الخلیل کےعلاقے میں ہیں۔
ترجمان نے بیان میں مزید کہا کہ’ ہمیں صحت کے حوالے سے ایک حقیقی خطرہ درپیش ہے۔ اس وبا کے پھیلاؤ کو کم کرنے کے لیے قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے‘۔
بیان کے مطابق کرفیو کے دوران بیکریوں اور فارمیسیوں کھولنے کی اجازت ہوگی لیکن شادی ، تعزیتی اجتماعات ، تہوار یا کسی بھی دوسرے اجتماعات کے انعقاد پر سختی سے پابندی ہے۔
حکومت نے تمام باربر شاپس ، بیوٹی پارلرز اور سپورٹس کلبوں کو بند رکھنے کے بھی احکامات دیے ہیں۔ اس سال سمر کیمپوں کے انعقاد پر بھی پابندی ہے۔