پاکستان نے کہا ہے کہ وہ انڈیا کے ساتھ واہگہ بارڈر کو افغانستان کی برآمدات کے لیے ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے تحت کھول رہا ہے۔
پیر کو پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ 'افغانستان کی حکومت کی خصوصی درخواست پر پاکستان نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو سہولت فراہم کرنے کے لیے واہگہ کی سرحدی راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔'
بیان کے مطابق کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کیے جانے کے بعد 15 جولائی سے افغانستان کا تجارتی سامان واہگہ کے راستے انڈیا لے جانے کا سلسلہ دوبارہ سے شروع کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں
-
گوادر سے افغانستان کے لیے تجارتی سامان کی ترسیلNode ID: 453091
-
واہگہ بارڈر:پاک انڈیا پریڈ تین ماہ سے معطلNode ID: 487431
-
چمن بارڈر پر آمدورفت کے لیے اب ’پاسپورٹ لازمی‘Node ID: 490891
دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اس اقدام سے پاکستان اپنے ان وعدوں کو پورا کر رہا ہے جو پاکستان افغانستان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے کے تحت کیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے تمام دوطرفہ تجارت اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو تمام سرحدی راہداریوں سے اسی طرح بحال کر دیا ہے جو کورونا کی وبا پھیلنے سے قبل تھی۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ان شعبوں میں تجارت اور معاہدے کے مطابق افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو سہولیات کی فراہمی شامل ہے۔
واضح رہے کہ کورونا کی وبا پھوٹنے کے بعد دنیا بھر کے ملکوں کی طرح پاکستان نے بھی پڑوسی ممالک کے ساتھ سرحدی راہداریوں کو عارضی طور پر نقل و حمل کے لیے بند کر دیا تھا۔
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں