گوادر سے افغانستان کے لیے تجارتی سامان کی ترسیل
اس سے قبل افغان تجارتی راہداری کا سامان صرف کراچی کی بندرگاہ کے ذریعے لایا جاتا تھا (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں واقع گوادر کی بندرگاہ سے پہلی بار افغانستان کے لیے تجارتی سامان کی ترسیل شروع ہو گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا سامان لے کر بحری جہاز منگل کو گوادر کے گہرے پانی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا۔ بندرگاہ آمد پر چینی کمپنی اور پاکستانی حکام نے جہاز کا استقبال کیا۔
گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین نصیر احمد کاشانی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ڈیالا فنافوٹی نامی بحری جہاز متحدہ عرب امارات کی دبئی بندرگاہ سے افغانستان کے لیے تجارتی سامان لے کر گوادر پہنچا ہے۔ دو کنٹینرز میں لائی گئی کھاد کو کسٹم کلیئرنس کے بعد گوادر سے سڑک کے راستے سی پیک روٹ سے افغانستان روانہ کیا جائےگا۔
گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین کے مطابق ’گوادر پورٹ فعال ہے اور یہاں اس سے پہلے بھی کئی بحری جہاز سامان لے کر آئے ہیں مگر افغان تجارتی راہداری کی یہ پہلی کھیپ ہے جو گوادر بندرگاہ پر لائی گئی ہے۔‘
واضح رہے کہ اس سے پہلے افغان تجارتی راہداری کا سامان صرف کراچی کی بندرگاہ کے ذریعے لایا جاتا تھا۔
نصیر کاشانی نے بتایا کہ گوادر کے مقابلے میں کراچی پورٹ افغانستان کے لیے قریب پڑتا ہے اور ٹیکس کی کمی سمیت گوادر پورٹ کے کئی فوائد ہیں۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ گوادر پورٹ کا مستقبل روشن ہے اور آئندہ چند برسوں میں یہ ملک کی فعال بندرگاہ ہوگی۔